غریبوں کو صحت کی خدمات کی فراہمی کیلئے وزیر اعظم قومی صحت پروگرام یونیورسل ہیلتھ کوریج کے مقصد کے حصول میں معاون ہو گا،

جسٹس (ر)ناصر الملک پروگرام نے غریبوں کو صحت کی فراہمی کے تصور کو تبدیل کیا ہے،نگران وزیراعظم کی وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام بارے بریفنگ کے موقع پر گفتگو

جمعہ 20 جولائی 2018 19:50

غریبوں کو صحت کی خدمات کی فراہمی کیلئے وزیر اعظم قومی صحت پروگرام یونیورسل ہیلتھ کوریج کے مقصد کے حصول میں معاون ہو گا،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ غریبوں کو صحت کی خدمات کی فراہمی کے لئے وزیر اعظم کا قومی صحت پروگرام یونیورسل ہیلتھ کوریج کے مقصد کے حصول میں معاون ہو گا۔وزیراعظم نے یہ بات جمعہ کو وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کے بارے میں وزیر اعظم آفس میں بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

سیکرٹری قومی صحت خدمات کیپٹن (ر) زاہد سعید نے پروگرام کے تصور اور دائرہ کار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایاکہ یہ پروگرام خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے غریب خاندانوں کو مختلف سرکاری اور نجی سہولیات میں صحت کی مفت خدمات کی فراہمی کے ذریعے ان کی صحت کے اخراجات پورے کررہا ہے۔ یہ بتایاگیا کہ اب تک ملک بھر کے 38 اضلاع میں 32لاکھ خاندنوں کو پروگرام کے تحت رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیاکہ بیماریوں کے حوالے سے ترجیحی پیکیج کے تحت سالانہ اڑھائی لاکھ روپے فی خاندان کو مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے جن میں امراض قلب، حادثات، پیچیدہ متعدی امراض، کیمو تھراپی، ریڈیو تھراپی، سرجری اور دیگر مہلک بیماریاں شامل ہیں۔ فی خاندان50ہزار روپے مالیت کے سیکنڈری کئیر پیکیج کے تحت زچہ کیلئے خدمات ، ٹرانسپورٹیشن لاگت اور دیگر اخراجات شامل ہیں۔

یہ بھی بتایاگیا کہ مالی امداد اور دائرہ کار کو پروگرام کے دوسرے مرحلے میں وسعت دی جارہی ہے۔ 2021ء تک اس پروگرام کا دائرہ ملک کی پوری آبادی تک بڑھایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے پروگرام کے مجموعی تصور کو سراہتے ہوئے کہا کہ پروگرام نے غریبوں کو صحت کی فراہمی کے تصور کو تبدیل کیا ہے اور یونیورسل ہیلتھ کوریج کے مقصد کے حصول میں معاون ہو گا جو قومی صحت وژن 2016-25کا اہم جزو ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں