ریلوے میں کوئی سیاسی مداخلت برادشت نہیں کی جائیگی،شیخ رشید نے باقاعدہ قلمدان سنبھال لیا

سرمایہ کاری کیلئے راہیں ہموار کرنے کی ضرورت ،ہر سطح پر بدعنوانی کا خاتمہ کیا جائیگا‘ وزیر ریلوے کی گفتگو

پیر 20 اگست 2018 17:36

ریلوے میں کوئی سیاسی مداخلت برادشت نہیں کی جائیگی،شیخ رشید نے باقاعدہ قلمدان سنبھال لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پیر کے روز اپنے عہدے کا قلمدان سنبھال لیا۔انہیں وزارت ریلوے میں پاکستان ریلوے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں کوئی سیاسی مداخلت برادشت نہیں کی جائیگی۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کو جدت پسندی سے تبدیل کیا جاسکتا ہے اور مال برادر ٹرینوں کی تعداد دُگنا کرنے کے لئے بھی ہدایات دیں۔

وزیر ریلوے نے مزید واضح کیا کہ کیرج فیکٹری اسلام آباد کو بہتر بنایا جائے گا۔مالی خسارے کی پشت پر موجود تمام وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا جا ئے گا۔ انہوںنے رسا لپورلوکو موٹو فیکٹری،خراب لوکوموٹویز اور کوئٹہ۔ تفتان سیکشن کے بارے میں وضاحت مانگ لی۔

(جاری ہے)

مزید برآں وزیر ریلویزشیخ رشید احمدنے کہا کہ پاکستان ریلوے کو سرمایہ کاری کے لیے راہیں ہموار کرنے بھی ضرورت ہے اور انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ریلوے میں ہر سطح پر بدعنوانی کا خاتمہ کیا جائیگا۔

وزیر ریلوے نے سکھر ڈویژن کو اولین ترجیح قرار دیا۔وفاقی وزیر کو دی جانیوالی بریفنگ میں چیئرمین وزارت ِریلوے جاوید انور،سی ای او آفتاب اکبر،ایس پی پاکستان ریلوے پولیس راجہ ظہیر،سیکرٹری ریلوے بورڈ فرخ تیمورغلزئی،ڈی جی ٹیکنیکل منور علی شاہ اور ڈی جی آپریشنز مریم گیلانی بھی شریک ہوئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں