بیرونی ممالک کے سفیر آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی سے بے خبر

ہالینڈ میں پناہ لینے کی خبروں کوبے بنیاد قرار دے دیا،د آسیہ کی جیل سے رہائی کا علم ہے بیرو ن ممالک روانگی با رے کو ئی معلوما ت نہیں،یورپی یونین سفیر

منگل 13 نومبر 2018 16:40

بیرونی ممالک کے سفیر آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی سے بے خبر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2018ء) پاکستان میں تعینات بیرونی ممالک کے سفیر آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی سے بے خبر، ہالینڈ میں پناہ لینے کی خبروں کوبے بنیاد قرار دے دیا۔ پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر جین فرانسسکو کوٹین سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدملتان جیل سے رہا ہونے والی آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی سے بے خبرہیں ، ہالینڈ میں آسیہ بی بی کی پناہ سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

یورپی ممالک کے دیگر سفیر وں نے بھی آسیہ بی بی کی بیرونی ممالک میں روانگی یا پنا ہ لینے کی خبروں سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے یورپی یونین کے سفیر جین فرانسسکو کوٹین کا کہنا تھا کہ وہ آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی سے بے خبر ہیں ، تاہم ہالینڈ میں پناہ لینے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آسیہ بی بی کی جیل سے رہائی کے بارے میں جانتے ہیں تاہم آسیہ بی بی کی کسی بھی یورپی ملک میں پنا ہ سے متعلق واقف نہیں ہیں۔

البتہ انہوںنے ہالینڈ میں پناہ لینے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ۔ پاکستان میں ہالینڈ کے سفارتخانے کے بند ہونے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ ہالینڈ کا سفارت خانہ پاکستان میں بند نہیں کیا جارہا ، البتہ کونسلر سیکشن سے بند ہونے کی خبریں تھیں البتہ وہ بھی بحال کردیا گیا ہے۔ہنگری ، پولینڈ ، اٹلی اور دیگر یورپی یونین کے سفارت کاروںنے بھی آسیہ بی بی کی بیرون ممالک میں روانگی اور سیاسی پناہ لینے کی خبروں سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے ہنگری کے سفیر استوان سابو نے کہا کہ وہ آسیہ بی بی سے متعلق صرف میڈیا پر جاری ہونے والی خبروں سے واقف ہیں البتہ انہوںنے گما ن ظاہر کیا کہ آسیہ بی بی ابھی تک پاکستان میں ہی موجود ہے اور حکومت کی تحویل میں ہے۔برطانوی ہائی کمیشن کے کمیونیکیشن سیکشن کے سربراہ سیموئیل ہیتھ نے برطانیہ میں آسیہ بی بی کی پناہ کے حوالے سے بتایا کہ وہ کسی خاص کیس سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتے ، انہوںنے برطانوی اخبار میں آسیہ بی بی کی پناہ سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں پناہ سے متعلق کیس کو معیار اور نوعیت پر دیکھا جاتا ہے تاہم ابھی برطانیہ میں آسیہ بی بی کی پنا ہ لینے کی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

واضع رہے کہ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے آسیہ بی بی کی جیل سے رہائی کے بعد بیرون ملک روانگی کی خبروں کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان میں محفوظ مقام پر موجود ہیں اور حکو مت کی تحویل میں ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں