’کل کا انتظار نہ کریں ، ویڈیو ہے تو آج ہی وائرل کر دیں‘ پیپلزپارٹی کے چیلنج پر علی زیدی کا ردعمل

مراد علی شاہ صاحب ہم آپ سے جواب لے کر چھوڑیں گے ، میں آپ سے ہر کرپشن کا جواب لوں گا ، وفاقی وزیر کا ویڈیو پیغام

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 جنوری 2021 23:19

’کل کا انتظار نہ کریں ، ویڈیو ہے تو آج ہی وائرل کر دیں‘ پیپلزپارٹی کے چیلنج پر علی زیدی کا ردعمل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری2021ء) کراچی کمیٹی اجلاس کی ویڈیو کے حوالے سے وزیراطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ کے بیان پر وفاقی وزیر علی زیدی کا ردعمل بھی آگیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کسی وزیر نےکہا ہےکہ ویڈیو موجود ہے مرادعلی شاہ کے ساتھ کیا ہوا، بسم اللہ کریں ،کل کاانتظار نہ کریں آج ہی وائرل کر دیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ویڈیو سامنے آئے تاکہ لوگوں کو بھی تو پتہ چلے کہ وزیراعلیٰ سندھ مجھے کیا کہہ رہے ہیں ، وہ کہہ رہے تھے کہ مجھے جوابدہ نہیں ہیں۔ 
 وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زید ی نے کہا کہ مراد علی شاہ صاحب ہم آپ سے جواب لے کر چھوڑیں گے ، میں آپ سے ہر کرپشن کا جواب لوں گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر علی زیدی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ، جہاںاجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ اور علی زیدی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ بتایا گیا کہ وفاقی وزیر علی زیدی نے سوال کیا کہ ایس بی سی اے کے بجائےکراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کب بنےگی؟ سندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ کی جگہ کراچی سالڈویسٹ مینجمنٹ کب ہوگا؟ جس کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس معاملے پر کام جاری ہے ، جس پر وفاقی وزیر نے پوچھا کہ معاملہ کب تک مکمل ہوگا کوئی حتمی تاریخ بتائیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے تلخ لہجے میں جواب دیا کہ میں آپ کو جوابدہ نہیں ہوں ، وزیراعلیٰ کے اس جواب پر علی زیدی سیخ پا ہوگئے اور اپنی فائلز اٹھا کر اجلاس ادھورا چھوڑ کر روانہ ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں