وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ایرانی سفیر ڈاکٹررضا امیری مقدم کی ملاقات، ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو

ہفتہ 20 اپریل 2024 16:49

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ایرانی سفیر ڈاکٹررضا امیری مقدم کی ملاقات، ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ آمد پر ایرانی سفیر کا خیرمقدم کیا،ملاقات میں ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور ایرانی صدر کے وزٹ کے حتمی انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ایرانی صدر کے دورے کے دوران مجوزہ معاہدوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ایرانی سفیر نے ایران کے صدر کے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ایرانی سفیر نے محسن نقوی کو وزیرداخلہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نگران وزیر اعلی کی حیثیت سے محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ آپ نے وزارت اعلی کے دور میں عوامی منصوبوں کو انتہائی غیر معمولی رفتار سے مکمل کرایا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایرانی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایرانی صدر کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ایرانی صدر کا دورہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور دیگر چیلنجز کے حل کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا، وفاقی وزیرداخلہ محسنن نقوی نے کہا کہ پاک ایران تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اورپاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور دیرپا استحکام کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں