سردار ایاز صادق سے ترکمانستان کے سفیر کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال

ترکمانستان مشرق وسطی اور دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کے لئے گوادر کی بندر گاہ سے مستفید ہو سکتا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

بدھ 15 مئی 2024 18:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، ترکمانستان کے ساتھ علاقائی رابطے اور اقتصادی تعاون پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، ترکمانستان مشرق وسطی اور دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کے لئے گوادر کی بندر گاہ سے مستفید ہو سکتا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکمانستان کے سفیر عطاجان نورلیویج مولاموف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک مشترکہ مذہب ، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترکمانستان وسطی ایشیا کا اہم ملک ہے، اس کے ساتھ علاقائی رابطے اور اقتصادی تعاون پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ترکمانستان کی پارلیمان کے سپیکر کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر وسطی ایشیائی ریاستوں کو گرم پانیوں تک رسائی دینے کی قریب ترین بندرگاہ ہے، ترکمانستان مشرق وسطی اور دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کے لئے گوادر کی بندر گاہ سے مستفید ہو سکتا ہے۔ انہوں نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ کی جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔ ترکمانستان کے سفیر عطا جان نورلیویج مولاموف نے سپیکر سردار ایاز صادق کو تیسری دفعہ سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کو وسعت دینے کا خواہاں ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں