شاعر احمد فرہاد لاپتہ کیس،سیکرٹری دفاع سے پیر تک تفصیلی رپورٹ طلب

عدالت نے دائر درخواست سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا،سیکریٹری دفاع کو ایجنسیوں سے رپورٹس لے کر جمع کروانے کا حکم

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 17 مئی 2024 12:18

شاعر احمد فرہاد لاپتہ کیس،سیکرٹری دفاع سے پیر تک تفصیلی رپورٹ طلب
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 مئی 2024 ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاعر احمد فرہاد لاپتہ کیس میں سیکرٹری دفاع سے پیر تک تفصیلی رپورٹ طلب کرلی،عدالت نے دائر درخواست سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکریٹری دفاع کو ایجنسیوں سے رپورٹس لے کر جمع کروانے کا حکم دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے خاص طور پر ایک ایجنسی کو نامزد کیا ہے۔

سیکرٹری دفاع بتائیں احمد فرہاد اسلام آباد سے کیوں اور کیسے لاپتہ ہوئے ؟ ایجنسیوں سے رپورٹس لیکر سیکرٹری دفاع رپورٹ جمع کروائیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم نامے میں کہا کہ عدالت کو پولیس حکام نے بتایا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے اور جیو فنسنگ کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

جہاں سے احمد فرہاد لاپتہ ہوئے وہاں سیف سٹی کیمرے نہیں ہیں۔

قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو بھی خطوط لکھ دئیے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز شاعراحمد فرہاد لاپتا کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ لوگوں کو لاپتا کرنے والوں کے خلاف سزائے موت کی قانون سازی ہونی چاہیے، وہی لوگ مسنگ ہیں جو لاپتا افراد پر زیادہ بات کرتے ہیں، لاپتا افراد پر بات کرنے کی وجہ سے شاعر کو اٹھا لیا گیا، ہم سب کو پتا ہے کون کیا کر رہا ہے۔

شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کے روبرو سماعت ہوئی تھی۔ ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر، احمد فرہاد کی اہلیہ کے وکیل ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے تھے اور بتایا تھا کہ دو روز قبل احمد فرہاد اسلام آباد گھر سے لاپتا ہوگئے، سرکاری وکیل نے کہا کہ اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم بنائی ہے کوشش جاری ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کا کہنا تھا کہ میں لاپتا فرد کی اہلیہ سے ملا ہو جہاں تک مجھے پتا چلا ہے گھر کے باہر سے ان کو اٹھایا گیا، گاڑی کے نمبر رات ہونے کی وجہ سے نہیں پڑھے جارہے، گاڑیوں کے نمبر ٹریس کرنے کیلئے ابھی بھی ایف آئی اے میں کام جاری ہے، ملک بھر کے تمام آئی جیز کو ہم نے خط لکھا ہے، تمام خفیہ اداروں کو بھی خطوط لکھے ہیں، جیوفنسنگ ہم نے کرلی ہے کچھ وقت اس میں لگے گا، سی ڈی آر اور جیو فنسنگ پر کام ابھی ہونا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں