محسن نقوی کی سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات،سری لنکا میں قید43پاکستانی قیدیوں کی واپسی پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ سے ایڈمرل (ر) رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے نے ملاقات کی،سری لنکن ہائی کمشنر نے اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 24 مئی 2024 11:58

محسن نقوی کی سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات،سری لنکا میں قید43پاکستانی قیدیوں کی واپسی پر اتفاق
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 مئی 2024 ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اورسری لنکن ہائی کمشنر کے درمیان سری لنکامیں قید43پاکستانی قیدیوں کی واپسی پر اتفاق ہوگیا۔وفاقی وزیر داخلہ سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل (ر) رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے نے ملاقات کی جس میں سری لنکا کی مختلف جیلوں میں قید 43 پاکستانی شہریوں کی فوری وطن واپسی پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا،چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسراور متعلقہ افسران کے علاوہ سری لنکن ہائی کمشن کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔سری لنکن ہائی کمشنر نے اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قیدیوں کی وطن واپسی کیلئے تعاون پر سری لنکن ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماوں کی ملاقات میں سکیورٹی اور انسداد منشیات کے سلسلے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی قیدیوں کی ملک واپسی کیلئے انتظامات کو چند روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔ وزارت داخلہ ان قیدیوں کو واپس لانے کیلئے گزشتہ ایک ماہ سے سری لنکن حکام کے ساتھ کام کر رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات گزشتہ 7 دہائیوں میں مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں۔ پاکستان باہمی تعلقات کو مختلف شعبو ں میں مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھایا جائیگا۔پاکستان اور سری لنکا دوطرفہ تجارت کو آئندہ چند سالوں میں مزید بڑھانے پر پرعزم ہیں ۔ دونوں اطراف کی قیادت کے مشترکہ وژن سے ہم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوط بنیاد رکھی ہے۔پاکستان سری لنکاکے تجارت، تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں