پنجاب حکومت ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے بجائے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہو،اسد قیصر

پنجاب کے کسان کے پاس اگلی فصل کے پیسے نہیں ہیں، پنجاب کے زمیندار کی فصل کو فوری اٹھایا جائے ، حامد رضا

جمعہ 17 مئی 2024 23:33

پنجاب حکومت ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے بجائے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہو،اسد قیصر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) تحریک انصاف کے رہنما اسدقیصرنے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے بجائے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہو۔پارلیمنٹ ہائوس کے مرکزی گیٹ پر اپوزیشن نے کسانوں کے حق میں احتجاج کیا ، اپوزیشن کے احتجاجی مظاہرے میں بیرسٹر گوہرعلی،اسد قیصر،حامد رضا ودیگر شریک ہوئے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک تحفظ اہل پاکستان کے وفد نے فیصل آباد میں کسانوں کے وفد سے ملاقات کی، فیصل آباد سے نکلے تو کسان رہنمائوں کو گرفتار کرلیا گیا، صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پنجاب کے کسان کے پاس اگلی فصل کے پیسے نہیں ہیں، پنجاب کے زمیندار کی فصل ان کی زمینوں پر پڑی ہے، جو خراب ہو رہی ہے اسے فوری طور پر اٹھایا جائے ، حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں پر بھی گندم نہیں خریدی جا رہی۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنما اسدقیصر نے کہا کہ گندم کے ایشو کو مرنے نہیں دیں گے، ، ہم پنجاب کے کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، گنے کے کاشتکار بھی دربدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں،انہیں شرم آنی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ ہم اس مسئلے کو اجلاس میں آج اٹھانا چاہ رہے تھے لیکن اجلاس ملتوی کر دیا گیا، وزیرستان میں ڈرون حملہ ہوا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، کیا وزیر خارجہ نے اس پر احتجاج ریکارڈ کروا یا ہے، یہ ملکی خود مختاری پر حملہ ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 5 جون کو اجلاس ہو گا اس میں اس مسئلے کو اٹھایا جائے گا، آج 15 منٹ کا اجلاس چلا کر اجلاس ملتوی کر دیا گیا، کے پی کی حکومت پر سوال اٹھایا گیا آج جواب دینا چاہتے تھے۔زرتاج گل نے کہاکہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے اندر ایک بہت برا واقعہ ہوا، طارق بشیر چیمہ میری سیٹ پر آئے اور ایسے الفاظ استعمال کیا جو غیر پارلیمانی الفاظ تھے، یہ الفاظ معاشرتی اقدار کے خلاف تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں