یو ایس ایڈ مشن ڈائریکٹر کی چیئرمین ایچ ای سی سے ملاقات : پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوںکو نکھارنے پر زور

جمعرات 16 اگست 2018 19:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2018ء) پاکستانی نوجوانوں کو خداد اد صلاحیتوں سے نوازا گیا ہے جن کو نکھارنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر طارق بنوری نے یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (یو ایس ایڈ)، مشن ڈائریکٹر، جیری بسن سے بروز بدھ کمیشن سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کیا ۔

یوایس ایڈ، مشن ڈائریکٹر سے بات کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور یو ایس ایڈ کے باہمی تعاون کی تاریخ کافی پرانی ہے۔ انھوں نے پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی بہتری کے لیے اپنے وژن پر بات کی ۔ انھوں نے طلباء کی شخصیت کو نکھارنے پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستانی طلباء کو ایسی ٹریننگ کے مواقع فراہم کیے جانے چاہیے کہ ان میں لیڈرشپ کی کوالٹی کو نکھارا جا سکے ۔

انھوں نے کارپوریٹ ٹریننگز کی اسکولوں، کالجوں اور اعلی تعلیمی اداروں میں کروائے جانے کی اہمیت پر بھی بات کی ۔ انھوں نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (ناہی) کے قیام کا ارادہ رکھتا ہے جس کے تحت نئے اور پہلے سے جامعات میں کام کرنے والے اساتذہ کو ٹریننگ فراہم کی جائے گی ۔ حکومت کی ہائر ایجوکیشن کی فنڈنگ میں اضافہ کی اہمیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن سیکٹر میں ہر سال دس فیصد طلباء کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

حکومت کی جانب سے کی جانے والی فنڈنگ کا تناسب بھی اسی حساب سے بڑھنا چاہیے کیوںکہ طلباء کی تعداد بڑھنے سے انفراسٹرکچر کی تعمیر وکشادگی بھی ضروری ہوتی جاتی ہے۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ، اسلام آباد، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، پشاور ، اور مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ، جامشورو میں سنٹرز آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز کے کردار پر بھی روشنی ڈالی ۔

جیری بسن نے اعلی تعلیم کی ترویج اور ریسرچ کلچر کو پروان چڑھانے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے کردار کو سراہا۔ ملاقات کے دوران یو ایس پاکستان نالج کوریڈور کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔ اس پروگرام کے تحت 10,000پاکستانی طلباء کو امریکی جامعات سے پی ایچ ڈی کروائی جائے گی تاکہ حکومت پاکستان کے وژن 2025کے تحت اعلی تعلیم میں 7.1ملین تک کی انرولمنٹ کو بڑھایا جا سکے ۔مزید براں اس پروگرام کے تحت اعلی تعلیمی اداروں میں پی ایچ ڈی اساتذہ کی شرح میں 27فیصد سے 40فیصد اضافہ ہو سکے گا۔ اس پروگرام کے پہلے فیز میں پندرہ سو پی ایچ ڈی طلباء کو امریکی جامعات میں ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل کے منظور کردہ وظائف کے ذریعے بھجوایا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں