وفاقی پولیس کی ناقص تفتیش ، نوسرباز مافیا پر قابو نہ پایا جاسکا، شہری در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور

نوسر بازمافیا کے خلاف سوا تین کروڑ روپے کے جعلی چیک تھمانے پر مختلف مقدمات درج

منگل 23 اکتوبر 2018 19:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) وفاقی پولیس کی ناقص تفتیش کے باعث نوسرباز مافیا پر قابو نہ پایا جاسکا جس وجہ سے اسلام آباد کے شہری در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئے ۔اسی طرح گزشتہ روز بھی شہراقتدار میں نوسر بازمافیا کے خلاف سوا تین کروڑ روپے کے جعلی چیک تھمانے پر مختلف مقدمات درج کئیے گئے چیک ڈس آنر کے پانچ بڑے مقدمات تھانہ کوہسارمیں درج کئے گئے ۔

تاہم حسب روایت پولیس تاحال کسی بھی نامزد ملزم کو گرفتار نہ کر سکی ۔خالد رضا نے تھانہ کوہسار پولیس کو بتایا کہ ریحان مقبول نے کاروباری لین دین کے سلسلہ میں اسے ایک کروڑ 25لاکھ روپے کا چیک دیا جو ڈس آنر ہو گیا ۔دوسرا بڑا چیک ڈس آنر کا مقدمہ بھی تھانہ کوہسار میںاسی ملزم کے خلاف درج کیا گیا جس میںمتاثرہ شخص نے بھی ملزم ریحان مقبول کے خلاف درخواست دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزم نے کاروباری لین دین کے سلسلہ میں اسے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا جو ڈس آنر ہو گیا ۔

(جاری ہے)

اسی طرح اورنگزیب نے تھانہ کوہسار پولیس کو بتایا کہ ملزم احسان علی نے اسے کاروباری لین دین کے سلسلہ میں 50لاکھ کا چیک دیا جو ڈس آنر ہو گیا ۔خالد رحمان نے تھانہ کوہسار پولیس کو بتایا کہ ملزم عدنان کیانی نے کاروباری لین دین کے سلسلہ میں اسے 35لاکھ روپے کا چیک دیا جو ڈس آنر ہو گیا ۔اسی طرح فہداحمد نے بھی تھانہ کوہسار پولیس کو بتایاکہ اس نے عرفان حیدر کی ٹریول ایجنسی سے قطر ایئرویز کیلئے 8لاکھ 11ہزار روپے کی ٹکٹس خریدی ملزم جب موقع پر پہنچا تو ملزمان نے اس کی ٹکٹ کینسل کر دی اوراس کی رقم بھی خرد برد کر دی ۔

ساجد محمود نے تھانہ آئی نائن پولیس کو بتایا کہ ملزم شعیب یعقوب نے اسے کاروباری لین دین کے سلسلہ میں 12لاکج روپے کا چیک دیا جو ڈس آنر ہو گیا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ذیشان کمبوہ

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں