سپریم کورٹ نے ملک بھر میں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ سے متعلق ازخود نوٹس کیس نمٹادیا

بدھ 16 جنوری 2019 22:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) سپریم کورٹ نے ملک بھر میں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ سے متعلق ازخود نوٹس کیس نمٹادیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے تفصیلی فیصلہ جسٹس اعجازالاحسن تحریر کریں گے۔ بدھ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے عدالتی معاون ڈاکٹر پرویز حسن کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ اپنے پیشے کے لئے ایک سرمایہ ہیں، ماحولیاتی آلودگی کے کیس میں آپ نے عدالت کی بہترین انداز میں معاونت کی ہے، جس پر ڈاکٹر پرویز حسن نے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ میری دعاہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد آپ ایک خوشگوار زندگی بسر کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے استدعا کی کہ ا س معاملے میں میری ذمہ داری آج سے ہی ختم کر دیں۔

فاضل چیف جسٹس نے ان سے کہاکہ آپ ماحولیا تی آلودگی کے مسئلے پر عدالت کی معاونت جاری رکھیں، میں نئے آنے والے چیف جسٹس سے بات کروں گا، ہم آپ کو جانے نہیں دیں گے۔ عدالت کو ڈاکٹر پرویز حسن نے بتایاکہ پنجاب کے سیکرٹری ماحولیات نے اس مسئلے پر بہت کام کیا ہے جس کی وجہ سے لاہور میں اس طرح کا سموگ نہیں جو گزشتہ برس نظر آیا، ہم نے ملک بھر کے دورے کیے اور ابھی ہم نے کوئٹہ جاکرجائزہ لینا تھا تاہم برف باری کے باعث کوئٹہ کے دورے کو موخر کردیاگیا ہے۔ بعدازاں عدالت نے کیس نمٹاتے ہوئے عدالتی معاون کو ہدایت کی کہ وہ اپنا کام مکمل کرکے عدالت میں حتمی رپورٹ جمع کرائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں