واجبات کی عدم ادائیگی،آئیسکو نے چیف کمشنر ، سی ڈی اے ، پارلیمنٹ لاجز آفیسر ہاسٹل سمیت 26 سر کاری دفاتر کی بجلی کاٹ دی

ہفتہ 23 مارچ 2019 13:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) بجلی واجبات کی عدم ادائیگی پر آئیسکو نے کارروائی کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد، سی ڈی اے ، پارلیمنٹ لاجز آفیسر ہاسٹل سمیت 26 گورنمنٹ دفاتر کی بجلی کاٹ دی ۔ترجمان آئیسکو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 1 کروڑ 68 لاکھ کے واجبات کی عدم ادائیگی پر 26 گورنمنٹ دفاتر کی بجلی کاٹ دی گئی ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق سی ڈی اے کے 16 کنکشنز منقطع کئے گئے ہیں جن کے ذمے واجب ادا رقم 44 لاکھ 3 ہزار روپے بنتی ہے اسی طرح چیف کمشنر اسلام آباد کے 2 کنکشنز منقطع کئے گئے ہیں جن کے ذمہ 83 لاکھ 4 ہزار روپے کی رقم واجب ادا ہے۔ ترجمان آئیسکو نے بتایا کہ 25 لاکھ کے واجبات پر پارلیمنٹ لاجز آفیسرز ہاسٹل کی بھی بجلی کاٹی گئی ہے ،پولیس اسٹیشن کورال نے 9 لاکھ 17 ہزار کے واجبات ادا کرنے ہیں ،وزارت تعلیم گرلز سکول شکریال نے 74 ہزار کے واجبات ادا کرنے ہیں جبکہ وزارت کھیل و ثقافت کے ذمے 1 لاکھ 68 ہزار کے واجبات ہیں جس پر ان اداروں کی بجلی بھی منقطع کردی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں