برٹش کونسل کی جانب سے پاکستان میں عمر رسیدہ افراد کی صورتحال اور حیثیت بارے منفرد اور جامع رپورٹ کا اجراء

منگل 25 جون 2019 22:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) وفاقی وزارت انسانی حقوق اور ہیلپ ایج انٹرنیشنل کے تعاون سے برٹش کونسل نے منگل کو یہاں پاکستان میں عمر رسیدہ افراد کی صورتحال اور حیثیت بارے ایک منفرد اور جامع رپورٹ کا اجراء کر دیا ہے۔ پاکستان میں بزرگ شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے حوالے سے یہ رپورٹ برٹش کونسل نے شائع کی جس کے مصنف آکسفورڈ یونیورسٹی کے سینئر فیلو اور کوریا یونیورسٹی کے پروفیسر اصغر زیدی ہیں۔

جاری کر دہ رپورٹ پاکستان میں عمر رسیدہ افراد کی حیثیت اور انسانی حقوق کی صورتحال بارے ہے۔ اس تحقیق میں ان وجوہات پر بحث کی گئی ہے جس سے بزرگ افراد کی زندگیاں متاثر ہوتی ہیں جبکہ بزرگ افراد کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے جن پروگرامز اور پالیسیوں کی ضرورت ہے ان کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ پاکستان میں عمر رسیدہ افراد، مرد و عورت کے حوالے سے انسانی حقوق کے تناظر میں پہلی تحقیق ہے۔

اس رپورٹ میں بزرگ افراد کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے سفارشات مرتب کی گئی ہیں جن میں عمر رسیدہ افراد کو اقتصادی مواقع تک رسائی، صحت و پنشن کی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان 12.5 ملین عمر رسیدہ افراد پر مشتمل دنیا کے ان 15 ممالک میں شامل ہے جن میں بوڑھے افراد کی آبادی 2050 تک 44 ملین تک پہنچ جائے گی۔ اس میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان میں ایسی معاشی، معاشرتی پالیسیوں، قوانین سازی اور پروگرامز کی ضرورت ہے جو عمر رسیدہ افراد کے حقوق کی حفا ظت کو مزیدیقینی بنائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری انسانی حقوق رابعہ جویری آغا نے کہا کہ پاکستان میں مذہب اور مختلف ثقافتوں اور بدلتی ہوئی ڈیمو گرافکس، صنعت سازی، بڑھتی ہوئی افراط زر، شہری اور دیہی منتقلی کی وجہ سے بزرگ افراد کے ساتھ تعلقات اور برتاؤ میں تبدیلی پائی جا رہی ہے جس کی وجہ خاندانوں کا چھوٹا ہونا، آزادانہ زندگی گزارنا اور خاندانوں کے تعلقات جیسے عوامل شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی سطح پر وزارت انسانی حقوق نے عمر رسیدہ افراد کے حقوق کے تحفظ کیلئے بل کا مسودہ تیار کر لیا ہے اور اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد ہی یہ بل متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحقیق اور اس کے نتائج واقعی ہی قابل قدر ہیں جن سے صوبائی اور وفاقی سطح پر پالیسی بنانے اور پروگرامز مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر روز میری ہل ہورسٹ نے کہا کہ بزرگ شہریوں کیلیے دوستانہ ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور اس کیلیے عمر رسیدہ افراد کو بھی اقتصادی مواقع تک رسائی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ رپورٹ کے اجراء کے بعد سٹیک ہولڈرز اور شرکاء نے اس کے تناظر میں پالیسی پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں