تھائی ایئر ویز انٹرنیشنل نے لاہور اور اسلام آباد سے پروازوں کا آغاز کر دیا‘ بنکاک سے تھائی ایئر ویز انٹرنیشنل کی پہلی پرواز اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئی

جمعرات 18 جولائی 2019 23:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) تھائی ایئر ویز انٹرنیشنل نے لاہور اور اسلام آباد سے پروازوں کا آغاز کر دیا۔ جمعرات کو بنکاک سے تھائی ایئر ویز انٹرنیشنل کی پہلی پرواز اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی۔ سول ایوی ایشن ڈویژن کے سینئر حکام اور تھائی ایئر ویز کے سٹیشن منیجر نے تھائی ایئر ویز کی پرواز سے پاکستان پہنچنے والے مسافروں اور عملہ کے ارکان کا استقبال کیا۔

سینئر نائب صدر (نارتھ، پاکستان) اکبر گروپ آف کمپنیز خواجہ غیاث الدین اور تھائی ایئر ویز کے سینئر منیجر شیر خان اور عدنان ضیاء بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے تھائی ایئر ویز کی انتظامیہ کو پاکستان کے لئے پروازیں شروع کرنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تھائی ایئر ویز نے سیاحت کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے اور اسلام آباد اور لاہور سے بنکاک کے لئے پروازوں کے آغاز سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات بالخصوص سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحوں کے لئے بہت کشش موجود ہے اور حکومت مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کا خیر مقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حکومت نے 175 ممالک کے سیاحوں اور شہریوں کے لئے آن لائن ویزہ کے اجراء کی پیشکش کی ہے اور ویزہ پالیسی کو نرم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت انتہائی منافع بخش شعبہ ہے اور نجی کمپنیوں کو اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے آگے آنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں