اسلام آباد ریجن کے گیس کے لائن لاسز 9 فیصد، نادہندہ صارفین کے ذمہ 5 ارب 60 کروڑ روپے واجب الادا ہیں، رواں موسم سرما میں 99.5 فیصد صارفین کو بلا تعطل گیس فراہم کی گئی، جنرل منیجر ایس این جی پی ایل

بدھ 29 جنوری 2020 00:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2020ء) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اسلام آباد ریجن کے جنرل منیجر محمد ظہور نے کہا ہے کہ اسلام آباد ریجن کے گیس کے لائن لاسز 9 فیصد اور نادہندہ صارفین کے ذمہ پانچ ارب 60 کروڑ روپے واجب الادا ہیں، رواں موسم سرما میں 99.5 فیصد صارفین کو بلا تعطل گیس فراہم کی گئی ہے اور 100 گیس کمپریسرز منقطع کئے گئے ہیں۔

منگل کو یہاں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ریجن میں صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لئے گیس پریشر کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اوگرا نے گیس کے لاسز کا ہدف 7.6 فیصد مقرر کر رکھا ہے جبکہ اسلام آباد ریجن کے لاسز 9 فیصد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں موسم سرما میں 99.5 فیصد صارفین کو بلا تعطل گیس فراہم کی گئی ہے، اسلام آباد ریجن کے صارفین کی کل تعداد ساڑھے پانچ لاکھ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیس کمپریسرز جانی و مالی نقصان کا سبب بنتے ہیں، رواں موسم سرما میں 100 گیس کمپریسرز استعمال کرنے والے صارفین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کنکشن منقطع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ریجن کے نادہندہ صارفین کے ذمے 5 ارب 60 کروڑ روپے واجب الادا ہیں جن کی وصولی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی فراہمی بہتر بنانے کے لئے ایس این جی پی ایل کے اسلام آباد ریجن میں خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اور صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے ایک جامع طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس پریشر کے حوالے یس شکایات کے ازالے کے لئے بھی تمام اہلکاروں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں، گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی بہتر بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں