ٹیکا کے منصوبے پاکستان اور ترکی کے مابین دوستی کے رشتوں کو مزید مستحکم کریں گے،گوجکان امت

"یاردم ایلی"کے تحت چارسدہ میں قائم حضرت ابوایوب انصاری ماڈل ویلج دوستی کا بے مثال ماڈل ہے

ہفتہ 27 فروری 2021 22:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2021ء) ترکی کے ترقیاتی ادارہ برائے تعاون وباہمی روابط (ٹیکا)کے سربراہ گوجکان امت نے ترک فلاحی تنظیم"یاردم ایلی"پاکستان کے تحت چارسدہ میں قائم شدہ اور الخدمت پاکستان کے زیر انتظام حضرت ابوایوب انصاری ماڈل ویلج کا دورہ کیا۔ یہ ماڈل ویلج2010میں سیلاب سے بے گھر ہونے والے لوگوں کیلئے تعمیر کیا گیا تھا۔

ٹیکا کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے ادارے نے پاکستان میں صحت،تعلیم ، سیاحت اورووکیشنل سیکٹر میں کام شروع کیا اور بے شمار منصوبے مکمل کئے۔انہوں نے 2010کے سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے قائم اس ماڈل ویلج کی کامیابی پر یاردم ایلی پاکستان کو مبارکباد دی۔اس موقع پر یاردم ایلی پاکستان کے چیئرمین سیف الاسلام ، ٹرسٹی بورڈ کے ممبر فہیم انور ، جنرل کوارڈینیٹر ساجد حسین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ممبر بورڈ آف ٹرسٹی فہیم انور نے یاردم ایلی پاکستان کے فلاحی پراجیکٹس کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے تیکا(TIKA)کے پاکستان میں جاری منصوبوں بالخصوص پاکستان میں مسافروں اور غریب لوگوں کیلئے وزیر اعظم کی عارضی قیام گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کو سراہا انہوں نے امید ظاہر کی یاردم ایلی کو اپنے آئندہ منصوبوں کی تکمیل میں تیکا کا تعاون حاصل رہے گا۔

ٹیکا کے سربراہ گوجکان امت نے یاردم ایلی پاکستان کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکا ان منصوبوں کی تکمیل میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی اور یہ منصوبے پاکستان اور ترکی کے مابین دوستی کے رشتوں کو مزید مستحکم کریں گے۔ بعد ازاں یاردم ایلی پاکستان کے چیئرمین سیف الاسلام اور ٹرسٹی ممبر فہیم انور نے ٹیکا پاکستان کے سربراہ گوجکان امت اور دیگر مہمانوں کو روایتی شال اور ٹوپیاں بھی پیش کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں