آڈٹ اینڈ اکاوئنٹ سروس کا ادارہ سرکاری خزانے کا نگہبان اہم ادارہ ہے ،خوداحستابی عصر حاضرکی اہم ترین ضرورت ہے، حمد اجمل گوندل

ہفتہ 27 نومبر 2021 17:20

اسلام آباد۔27نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 27 نومبر2021ء) :آڈیٹر جنرل آف پاکستان محمد اجمل گوندل نے کہا ہے کہ آڈٹ اینڈ اکاوئنٹ سروس کا ادارہ سرکاری خزانے کا نگہبان اہم ادارہ ہے جوقومی خزانے کے آڈٹ کے ساتھ ساتھ احتساب کے لئے حکومت کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کے ذریعے معاونت فراہم کرتا ہے، خوداحستابی عصر حاضرکی اہم ترین ضرورت ہے، بطور سول سرونٹ خود احتسابی اورملک و قوم کی خدمت کے فریضہ کی بطریق احسن انجام دہی عظمت رفتہ دوبارہ حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کو آڈیٹرجنرل آف پاکستان ہیڈ کوارٹراسلام آباد میں خود احتسابی اور عوامی خدمت کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ملک کے نامور پروفیسراحمد رفیق اختر نے خصوصی دعوت پر شرکت کی جہنوں نے نوجوان آڈیٹرز کوخوداحتسابی کے موضوع پر ایک خصوصی لیکچر دیا اور آڈٹ سے متعلق مختلف حالات و واقعات بیان کرتے ہوئے خوداحتسابی کے عمل کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آڈیٹر جنرل آف پاکستان محمد اجمل گوندل نے تقریب کے شرکاءکا بالخصوص پروفیسر احمد رفیق اختر کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ اس صدی کے نامور اسلامی سکالر پروفیسراحمدرفیق اختر کے خیالات اور افکار کوسننے کا موقع ملاجو آڈٹ خدمات سے وابستہ افسران کے لئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آڈٹ اینڈ اکاوئنٹ سروس ایک طرف سرکاری خزانے کا نگہبان ادارہ ہے اور دوسری طرف آڈٹ کے ساتھ ساتھ احتساب کے لئے حکومت کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کے ذریعے معاونت فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوداحستابی عصر حاضرکی سب سے اہم ضرورت ہے اور ضروری کہ ہم بطور سول سرونٹ کے اپنی خود احتسابی کریں اورملک و قوم کی خدمت کافریضہ بطریق احسن انجام دیں تاکہ یہ ادارہ اپنی عظمت رفتہ کودوبارہ حاصل کرسکے۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر احمدرفیق اختر نے جو راہنما اصول واضح کئے ہیں وہ نہ صرف ہمارے لئے مشعل راہ ہیں بلکہ فرائض کے انجام دہی سے متعلق ہماری زمہ داریوں کی یاددہانی ہیں۔محمد اجمل گوندل نے کہا کہ خوداحتسابی سے متعلق علامہ اقبال کے فرمودات پر ہمیں عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے جس سے ادارے کی نیک نامی میں اضافہ ہوگا اور عوام کا اعتماد بڑھے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں