ہماری کوشش اور ریسرچ سے ایڈز کے علاج کے لیے ادویات تیار کی جا رہی ہیں، معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا ایڈز کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب

جمعرات 2 دسمبر 2021 17:26

اسلام آباد۔2دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 02 دسمبر2021ء) :وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ہماری کوشش اور ریسرچ سے ایڈز کے علاج کے لیے ادویات تیار کی جا رہی ہیں، یہ ایک اچھی خبر ہے لیکن اس کے باوجود اعدادوشمار کے مطابق ایڈز کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایڈز کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا یہ چاہتی ہے کہ 2030 تک اس بیماری کا حاتمہ ہو جائے لیکن اس کے لیے بہت سے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ہمارا راستہ تیزی سے اس جگہ نہیں پہنچا جس جگہ ہمیں ابھی ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس بیماری کے خاتمہ کے لیے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ایڈز کے خاتمہ اور پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ حکومت پاکستان کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ آئندہ آنے والے سالوں کے لیے ایک پالیسی بنائی جائے جو کہ تقریباً مکمل ہو گئی ہے جس کے تحت بیماری کی تشخیص سے لے کر علاج تک تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے لیے فنڈز درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل فنڈز نے اس کے لیے خطیر رقم دی ہے لیکن ہم حکومت پاکستان سے بھی اس کے لیے فنڈز لیں گے، اس کا مقصد یہ ہے کہ جو لوگ اس بیماری سے متاثر ہیں ان کی تشخیص ہو جائے اور تشخیص کے بعد علاج ہو سکے اور علاج بھی موثر ہو جس کے بعد وائرس مکمل طور پر ختم ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ ساتھ ساتھ اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ تمام سرکاری اور غیرسرکاری نجی ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول سسٹم کو بہتر بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بیماری بڑھے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بیماری سرنجوں کے دوبارہ استعمال سے زیادہ پھیلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کو مکمل طور پر روکنے کی ضرورت ہے، اس سلسلہ میں   نئی سرنجیں استعمال کی جائیں گی جو ایک بار استعمال ہونے کے بعد دوبارہ استعمال نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کا اہم اقدام ہے جس سے بیماریوں کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں