وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن ڈاکٹر ملک مختار احمد کا پمز کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ لیا

جمعہ 29 مارچ 2024 17:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) وزیر اعظم کےکوآرڈینیٹر برائے ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز و کوآرڈینیشن ڈاکٹر ملک مختار احمد نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا دورہ کیا جس میں انہوں نے ہسپتال میں موجود طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پرسیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی ان کے ہمراہ تھے۔ دورہ کا مقصد شہریوں کو صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا تھا۔

ڈاکٹر ملک مختار احمد نے ذاتی طور پر ہسپتال کے مختلف وارڈز بشمول ایمرجنسی سیکشن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے بات چیت کی اور ان سے علاج میں درپیش کسی بھی قسم کی پریشانی کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں کسی بھی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے ہیلتھ نے پمز ہسپتال کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں۔

ان ہدایات میں او پی ڈی میں شام کی شفٹوں کا آغاز، گردے اور جگر کی پیوند کاری کے لئے وقف مراکز کا قیام اور ان اقدامات کو انجام دینے کےلئے ایک خصوصی کمیٹی کی تشکیل شامل ہے۔ ڈاکٹر ملک مختار احمد نےصحت کی بلا تعطل خدمات کو یقینی بنانے کےلئے ہسپتال کی انسانی وسائل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مکمل تعاون کا وعدہ بھی کیا۔ڈاکٹر ملک مختار احمد کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سات جدید ترین آپریشن تھیٹرز کی تکمیل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی میں بہترین کارکردگی کے حصول میں پمز انتظامیہ کو اپنی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں