پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت چھ مئی تک ملتوی

ہفتہ 27 اپریل 2024 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت چھ مئی تک ملتوی کر دی گئی ۔اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کے کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر جج طاہر عباس سِپرا نے سماعت کی۔

پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب، عمر سلطان، عامر مغل، فیصل جاوید، شبلی فراز اور علی نواز اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔جج طاہر عباس سِپرا نے استفسار کیا کہ علی امین گنڈاپور کہاں ہیں وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا کہ علی امین کے آج کافی کیس ہیں، کسی دوسری عدالت میں موجود ہیں، اس مقدمے میں کافی لوگوں کی ضمانت ہو چکی ہے، آج ہم اس پر دلائل دینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ علی امین گنڈاپور خود آئے نہ ان کا وکیل آیا ہے، ضمانت خارج کرنے کا اصول سب کے لیے ایک ہے۔پی ٹی آئی وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا کہ ہم سب علی امین کی نمائندگی کر رہے ہیں، سب ان کے معاون وکلا ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ بابر اعوان بیمار ہیں میری طرف سے وہی دلائل دیں گے۔ جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ بابر اعوان سے زیادہ مجھے عمر ایوب آپ کی طبیعت خراب لگ رہی ہے۔جس پر عمر ایوب نے کہا کہ گلا کٹ جائے آواز پھر بھی بانی پی ٹی آئی کی آئے گی۔انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماں کی درخواست ضمانتوں پر سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں