ڈائریکٹر ایکسائز راولپنڈی کی ہدایات پر نادہندگان کے خلاف کریک ڈائو ن کا آغازکر دیاگیا

جمعہ 19 اپریل 2024 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) ڈائریکٹر ایکسائز راولپنڈی عمران اسلم کی ہدایات پر نادہندگان کے خلاف کریک ڈائو ن کا آغازکر دیاگیا اور خبردار کیا ہے کہ جن نادہندگان نے بار بار نوٹسز کے اجرااور یاددہانیوں کے باوجود ابھی تک اپنے ذمہ واجب الادا سرکاری واجبات ادا نہیں کئے ان کے خلاف بلاتخصیص کارروائی کی جائے گی ، نادہندگان کے خلاف ہر قسم کی سماجی حیثیت کو بالائے تاک رکھتے ہوئے بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور سرکاری واجبات کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی وصول کیا جائے گا۔

محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ریجن کے ڈائریکٹر عمران اسلم نے بتایاکہ نادہندگان کوکئی بار مطلع کیاگیا کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا رقوم جمع کرا دیں لیکن انہوں نے اس کاکوئی نوٹس نہیں لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نادہندگان کو رعایت کے ساتھ ادائیگی کے حتمی نوٹسز جاری کئے گئے تھے مگر پھر بھی بڑی تعداد نے اپنے واجبات ادا نہیں کئے۔انہوں نے کہا کہ اب ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے نہ صرف اصل رقم کے ساتھ بھاری سرچارج و جرمانہ وصول کیاجائے گابلکہ گاڑیاں بند کی جائیں گی اور کاغذات ضبط کئے جائیں گے، نادہندگان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے انہیں گرفتار کرنے سے بھی گریز نہیں کیاجائے گا۔

محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول راولپنڈی کے ڈائریکٹر عمران اسلم و موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی سہیل شہزاد نے بتایاکہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل فیصل فرید کی خصوصی ہدایات پرصوبہ بھر میں بغیر نمبرگاڑیوں و ٹوکن ٹیکس نادہندہ مالکان کے خلاف کریک ڈائون سمیت ڈیفالٹر گاڑیوں پر سٹکرز چسپاں کرنے کی مہم شروع کی تھی اور اب باقاعدہ سخت آپریشن شروع کیاجاچکا ہے ۔

اس ضمن میں راولپنڈی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف بڑے کریک ڈائون کا آغاز کردیا گیاہے۔موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی راولپنڈی سہیل شہزاد نے کہاکہ ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور نادہندگان سے وصولی جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں