سپیکر قومی اسمبلی سے پرتگال کے سفیر کی ملاقات، دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ

بدھ 24 اپریل 2024 17:49

سپیکر قومی اسمبلی سے پرتگال کے سفیر  کی ملاقات،  دونوں ممالک کے تعلقات    مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان اور پرتگا ل کے درمیان پارلیمانی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرتگال کے سفیر فریڈریکو پنہیرو دا سلوا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں موجودہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان پرتگال سے اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک میں پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے درمیان روابط سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے پرتگالی ہم منصب کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کی دعوت کی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی،سماجی و اقتصادی شعبوں میں تعاون دونوں ملکوں کے لئے سودمند ہے، موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے ، پرتگالی بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے پائے جانے والے وافر مواقع سے مستفید ہو سکتی ہے۔

پرتگالی سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے، پرتگال پاکستان سے اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پرتگالی سفیر نے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے سپیکر کی پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دینے کی تجاویز سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے پاکستان کی کاوشیں قابل ستائشیں ہیں۔\932

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں