ایس ای سی پی اور اسلامک فنانشل سروسز بورڈ ملائیشیا کی اسلامک کیپٹل مارکیٹس پر ورکشاپ

جمعہ 26 اپریل 2024 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور بین الاقوامی اسلامک فنانشل سروسز بورڈ ملائیشیا کے زیر اہتمام اسلامک کپیٹل مارکیٹ کے موضوع پر مشترکہ تین روزہ ورکشاپ اسلام آباد میں مکمل ہو گئی۔ایس ای سی پی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ورکشاپ جو کہ خاص طور پر ریگولیٹری اور سپروائزری اداروں کے افسران کی اسلامک فنانس بارے صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ترتیب دی گئی تھی، میں ایس ای سی پی، سٹیٹ بینک آف پاکستان، وزارت خزانہ، مسابقتی کمیشن ، پاکستان سٹاک ایکسچینج ، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی کے افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ای سی پی کے چیئرمین عاکف سعید نے کہا کہ پاکستان کے مالیاتی نظام کو شرعی اصولوں کے مطابق تبدیل کرنے کے وفاقی شرعی عدالت کے تاریخی فیصلے کے مطابق ملک میں اسلامی مالیاتی صنعت کی مسلسل ترقی اور توسیع ایس ای سی پی کی ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایس ای سی پی نے تمام ریگولیٹڈ سیکٹرز میں اسلامک فنانس کو فعال کر کے خاطر خواہ پیش رفت حاصل کی ہے۔

ایس ای سی پی نے اسلامی مالیاتی خدمات کی پیشکش کے لیے شریعہ گورننس فریم ورک جاری کیا ہے جس کے نتیجے میں شریعہ کمپلائنس رکھنے والی پہلی رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ سکیم متعارف کروائی گئی ہے، اسی طرح ایسیٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے تحت اسلامی انکم ، منی مارکیٹ، ایکویٹی فنڈز اور اسلامی پنشن سکیمیں متعارف کروائی گئی ہیں ۔ ایس ای سی پی کے فریم ورک کے تحت اسلامک ایکسچینج ٹریڈنگ فنڈز ، اسلامک نان بینکنگ فنانس کمپنی اور سٹاک بروکریج سروسز کا بھی اجراء کر دیا گیا ہے۔

سٹاک مارکیٹ کے ذریعے حکومت کی جانب سے اجارہ سکوک کا باقاعدہ اجراء اور سٹاک مارکیٹ میں سکوک کی لسٹنگ ایک اور اہم پیش رفت ہے۔ایس ای سی پی میں اسلامک فنانس کے سربراہ طارق نسیم نے ورکشاپ منعقد کرنے پر اسلامک فنانس سروسز بورڈ ملائیشیا اور ان کے ماہرین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب اسلامی مالیات کے فروغ کے لئے ایک سازگار ماحول موجود ہے جو جدت کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دیتا ہے اور ہمارے مالیاتی نظام کی سالمیت اور استحکام کو یقینی بناتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں