پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ اور تزویراتی شراکت داری قائم ہے، سیلاب زدگان کی امداد اورپاکستان میں مختلف شعبوں میں امریکی تعاون قابل تعریف ہے، وفاقی وزیر احدخان چیمہ کی یوایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹرسے ملاقات میں گفتگو

منگل 14 مئی 2024 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) وفاقی وزیر اقتصادی امور احدخان چیمہ نے کہاہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ اور تزویراتی شراکت داری قائم ہے، سیلاب زدگان کی امداد اورپاکستان میں مختلف شعبوں میں امریکی تعاون قابل تعریف ہے۔ انہوں نے یہ بات امریکی ترقیاتی ادارہ یوایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹرویرایا کیٹ سوم وونگسری سے ملاقات میں کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیرنے ویرایا کیٹ کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ اور تزویراتی شراکت داری پرروشنی ڈالی ۔ وفاقی وزیر نے 2022 کے متاثرین سیلاب کے لیے امریکا کی مدد کو سراہا اور توانائی، اقتصادی ترقی، تعلیم، صحت اور نارکوٹکس کنٹرول جیسے مختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے امریکی اقتصادی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے ترقیاتی مقصدی امداد کے معاہدے کے مختلف پہلوئوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جس پر دونوں ممالک کے درمیان تقریباً 13 سال بعد دستخط ہوئے ہیں۔

مشن ڈائریکٹر نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور امریکہ کی جانب سے ترقیاتی امداد کے ذریعے باہمی متفقہ ترجیحی شعبوں بشمول موسمیاتی لحاظ سے موزوں اقتصادی ترقی، جامع اور جوابدہ جمہوری طرز حکمرانی اور ایک صحت مند اور زیادہ تعلیم یافتہ آبادی میں پاکستان کی حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو یو ایس ایڈ کے ذریعے امریکی حکومت کی طرف سے مالی اعانت فراہم کرنے والے جاری ترقیاتی پورٹ فولیو پر عملدرآمد کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ امریکی حکومت پاکستان کے اقتصادی اور ترقیاتی مقاصد کے حصول میں مدد کے لیے ہمیشہ دستیاب رہے گی۔ وفاقی وزیر نے یو ایس ایڈ کی جانب سے سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے حکومت پاکستان کو مسلسل تعاون فراہم کرنے پر ان کاشکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے جاری منصوبوں کے موثر نفاذ اور جائزہ کے لیے یوایس ایڈ کے ساتھ قریبی تعاون کا یقین دلایا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں