وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان سے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی وفد کی ملاقات

منگل 14 مئی 2024 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان سے پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ پارلیمانی وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔وفد میں نوید قمر،شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا شامل تھے۔وفاقی وزیر برائے نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے اراکین پارلیمنٹ کو مختلف منصوبوں کی نجکاری کے امور کے حوالے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے منصوبے ملکی معیشت پر بوجھ ہیں۔عبدالعلیم نے کہا کہ معیشت مستقل بنیادوں پر دیوالیہ منصوبوں کابو جھ برداشت نہیں کر سکتی اور ہمیں ان منصوبوں کو جلد از جلد نجی شعبے کے حوالے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں کی شفاف نجکاری کو یقینی بنا رہے ہیں اور نجکاری کے اس عمل کو میڈیا کے ذریعے سب کے سامنے رکھیں گے،انہوں نے کہا کہ کسی بھی اور سیاسی جماعت کونجکاری کے حوالے سے آگاہی چاہئے تو وہ انہیں بھی خوش آمدید کہیں گے۔

(جاری ہے)

اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے خدشات دور کرنے اور سوالات کے جوابات دینے کے لئے تیار ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ نجکاری پر پیپلز پارٹی کی طرح دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی آگاہی سیشن ہو سکتا ہے تا کہ ان کے تحفظات دور کئے جا سکیں۔وفاقی وزیر نے پارلیمانی وفد سے ملاقاتوں کو خوش آئندقرار دیا جس سے صورتحال کو واضح کرنے میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں