حکومت بلوچستان کی ترقی اور صنعتی حلقوں کو درپیش مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے، ڈپٹی چیئرمین سیدال خان

جمعرات 16 مئی 2024 17:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کی ترقی اور صنعتی حلقوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے، صوبہ کی ترقی و خوشحالی پورے ملک کے معاشی استحکام کو یقینی بنائے گی، بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی حکومتی ترجیحات کا اہم جزو ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں صوبہ بلوچستان کی مجموعی سیاسی، معاشی صورتحال کے علاوہ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بلوچستان کی ترقی اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ ایوان بالا صوبوں کو درپیش مسائل حل کرنے اور اپنے شہریوں کو ترقی و خوشحالی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، ایوان بالا میں صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹرزکو بلوچستان کے عوام کی بھرپور انداز میں نمائندگی کا موقع دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی حکومتی ترجیحات کا اہم جزو ہے، بلوچستان کی ترقی و خوشحالی پورے ملک کے معاشی استحکام کو یقینی بنائے گی۔سیدال خان نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، گوادر پورٹ صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کا حب ہے، صوبہ بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل سے صوبے کے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کا انحصارصنعتی ترقی پر ہے اس لئے انڈسٹریز کو مزید فروغ دینے کیلئے موثراقدامات اٹھانا ہوں گے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان انتہائی اہم صوبہ ہے،حکومت اس کی ترقی اور صنعتی حلقوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے، عوامی نمائندے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل صوبے کی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے، بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں