الیکشن کمیشن کی حلقہ این اے 148 ملتان میں ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو انتخابی مہم بارے ہدایات جاری

جمعرات 16 مئی 2024 18:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 ملتان میں 19 مئی 2024 کو منعقد ہونے والے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو مطلع کیا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 182 کے مطابق 17 مئی 2024 کی شب 12 بجے کے بعد کوئی بھی شخص کسی بھی جلسے، جلوس، کارنر میٹنگ یا اس نوعیت کی سیاسی سرگرمی کا نہ تو انعقاد کرے گا اور نہ ہی اس میں شرکت کرے گا۔

(جاری ہے)

یہاں جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ کوئی بھی شخص جو قانون کی مذکورہ بالا شق کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مذکورہ بالا وقت کے بعد سیاسی مہم، اشتہارات و دیگر تحریری مواد جس سے کسی خاص سیاسی جماعت یا امیدوار کی حمایت یا مخالفت کا شبہ ہو، کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر تشہیر پر پابندی ہے۔میڈیا پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹہ گزرنے کے بعد انتخابی نتائج نشر کر سکتا ہے جس میں واضح طور پر بتایا جائے گا کہ یہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں