جاز کی رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 5.3ارب روپے کی سرمایہ کاری

جمعرات 16 مئی 2024 19:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) ڈیجیٹل آپریٹر جاز نے ملک کو درپیش مشکل معاشی حالات کے باوجود رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 5.3ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جس سے اس کی مجموعی سرمایہ کاری 10.6 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، اس سرمایہ کاری کا مقصد فن ٹیک، کلاوڈ سروسز اور ڈیجیٹل تفریحی شعبوں میں ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

جاز کی جانب سے سرمایہ کاری کا بڑا حصہ نیٹ ورک کی توسیع اور اپ گریڈیشن پر لگایا گیا جس کے نتیجہ میں جاز کے فور جی صارفین کی تعداد اٖضافہ کے ساتھ 45.9ملین رہی۔ کمپنی کے مجموعی صارفین کی تعداد 71.7 ملین تک جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمزپر ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 67ملین تک پہنچ گئی۔اس کے علاوہ 23 ملین سے زائد وائس اوور ایل ٹی ای کے یومیہ فعال صارفین کے ساتھ جاز خطے میں وائس اوور ایل ٹی ای کا سب سے بڑا نیٹ ورک بن گیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وائی فائی کنکشن پر کال اور پیغام رسانی کے لئے جازفائی کے تعارف کے بعد چندمہینوں میں صارفین کی تعداد چار ملین سے تجاوز کرچکی ہے۔ جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے تمام پلیٹ فارمز کا بڑھتا ہوا استعمال صارفین پر مبنی ہمارے کاروباری ماڈل کی توثیق کرتا ہے، کمپنی اپنے فور جی نیٹ ورک میں توسیع اور اس کی صلاحیت میں اضافہ اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے فروغ کیلئے سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔

ہم ایجوٹیک، ہیلتھ ٹیک کے شعبے میں آگے بڑھ رہے ہیں، اس کے علاوہ جنریٹو اے آئی سے چلنے والے اردو زبان کے ماڈلزاور مقامی طور پر متعلقہ اے آئی ایپلی کیشنز تیار کر کے اے آئی لینگویج کے حوالے سے پائے جانے والے خلا کو بھی پورا کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد اپنے صارفین کے لئے ایک زیادہ جامع اور قابل رسائی ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرنا ہے۔

سہ ماہی کے دوران جاز ڈیجیٹل سروسزکی کارکردگی نے بھی ملک کے بڑے ڈیجیٹل آپریٹر کی حیثیت سے کمپنی کی پوزیشن کو مزید مضبوط بنایا۔ جاز کیش کی 30 فیصد خواتین کی نمائندگی کے ساتھ صارفین کی تعداد 44 ملین تک پہنچ گئی اور 6.6 ٹریلین کی گراس ٹرانزیکشن ویلیو کی وجہ سے آمدن میں سالانہ بنیادوں پر89 فیصد اضافہ حاصل کیا۔ 240,000رجسٹرڈ ایجنٹس اور 300,000 سے زائد مرچنٹس پر مشتمل جاز کیش کے وسیع نیٹ ورک نے ادائیگی/قرض فراہمی کی خدمات کو ڈیجٹلائزیشن میں سہولت فراہم کی جس سے پاکستان کے مالیاتی منظر نامے میں موثر تبدیلی آئی۔

پاکستان کے بڑے تفریحی پلیٹ فارم تماشا کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد12ملین تک پہنچ گئی جبکہ سہ ماہی کے دوران پاکستان سپر لیگ مقابلوں کے دوران ایڈٹیک کے ذریعے اس کی آمدنی سالانہ بنیادوں پر دوگنی ہو گئی۔ جاز کے کلاوڈ پلیٹ فارم گرج نے بھی قابل غور نمو کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 سے زائد انٹرپرائز کو جدید ترین کلاوڈ اور سائبر سیکورٹی حل فراہم کیے۔ گرج نے حال ہی میں براڈ کام کی طرف سے وی ایم ویئر کلاوڈ سروسز کی پریمیئر حیثیت حاصل کی جبکہ سیلف کیئر اور لائف سٹائل ایپ SIMOSA(سابقہ جازورلڈ) کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد بھی بڑھ کر 14.9ملین ہوگئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں