اسلام آباد پولیس کے 120 ہیڈ کانسٹیبلز کی اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدوں پر ترقیوں کا نوٹیفیکیشن جاری

جمعرات 16 مئی 2024 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) اسلام آباد پولیس کے 120 ہیڈ کانسٹیبلز کی اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدوں پر ترقیوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق افسران کو ترقی کے رینک لگانے کے لئے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں تمام ترقی پانے والے افسران کی فیمیلیز کو خصوصی دعوت دی گئی۔تقریب میں ترقی پانے والے افسران کو رینک لگائے گئے۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ آپ کی خوشی ہم سب کی خوشی ہے اور ہماری تکالیف بھی سانجھی ہیں، آج یہ رینک میرے دوست، میری فیملی ممبران کو لگے ہیں ،یہ رینک ڈسپلن کے لئے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہر وہ شخص جو یہ سوچتا ہے کہ کریمنلز کا خاتمہ اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کرنا ہے، وہ آئی جی ہے، یہ جتنی فیملیاں بیٹھی ہیں سب میری فیملی ہیں کیونکہ ہماری زندگی کا مقصد ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے دریغ نہیں کریں گے، آپ لوگوں کو اللہ نے عزت دی ہے ، اب یہ رینک کندھے پر سجانے کے بعد آپ کی ذمہ داری بھی بڑھے گی ، آپ ہر مظلوم کی آواز، ہر بے سایہ کے لئے سایہ بنیں گے اور یہی ہماری تربیت ہے، ہم غازیوں اور شہداء کے وارث محکمہ کا حصہ ہیں، آپ کا کام صرف دشمنوں، کریمنلز کا خاتمہ، لوگوں کی جان و مال کا تحفظ کرنا ہے، آپ کا خیال رکھنا میری ذمہ داری ہے، میں تمام والدین، مائوں، بہنوں، بھائیوں، بیٹیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج میں فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ اسلام آباد پولیس پاکستان کی بہترین پولیس ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں