ٹیکس نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کے فیصلے کیخلاف مقدمے پر سماعت ملتوی

بدھ 22 مئی 2024 16:25

ٹیکس نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کے فیصلے کیخلاف مقدمے پر سماعت ملتوی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹیکس نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت ملتوی کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیکس نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف کیس میں موبائل نیٹورک کمپنیز کے خلاف کارروائی پر جاری اسٹے آرڈر خارج کرنے کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے آغاز پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ بہتر ہوگا کہ مرکزی درخواست ایک ہی بار سن کر فیصلہ کر دیا جائے، ایک بات واضح کر دوں کہ حکمِ امتناع سمز بلاک کرنے پر نہیں ہے، اسٹے آرڈر صرف درخواست گزاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے تھا، حکومت کا سمز بلاک کرنے کا آرڈر اب بھی اِن فیلڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت سمجھ سکتی ہے کہ حکومت معاشی ریفارمز پر فوکس کر رہی ہے، یہ اقدام بھی انہی ریفامرز کے تناظر میں لیا گیا ہو گا، عدالت کوشش کرے گی کہ جلد از جلد اس کیس کا فیصلہ ہو جائے، ہم کیس کی آئندہ سماعت کے لئے جون کی کوئی تاریخ مقرر کر دیتے ہیں، ایسا کر لیں کہ دونوں فریقین کسی تاریخ پر متفق ہو کر عدالت کو آگاہ کر دیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں