جڑانوالہ ،مقامی عدالت میں دوران بحث معمولی تلخ کلامی پر وکیل نے کرسی مار کر جج کا سر پھاڑ دیا

مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم وکیل کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے، تحصیل بار جڑانوالہ نے عمران منج سے لاتعلقی کا اعلان کردیا

جمعرات 25 اپریل 2019 23:43

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) جڑانوالہ کی مقامی عدالت میں دوران بحث معمولی تلخ کلامی پر وکیل نے کرسی مار کر جج کا سر پھاڑ دیا۔تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کی مقامی عدالت میں ایک کیس کی سماعت کے دوران معمولی تلخ کلامی پر وکیل نے کرسی مار کر سینئر سول جج خالد محمود وڑائچ کا سر پھاڑ دیا، سینئر جج کو زخمی حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزم ایڈووکیٹ عمران منج کیخلاف کارروائی کیلئے میڈیکو لیگل حاصل کرلیا گیا جب کہ وکلاء گردی کیخلاف ججز نے ہڑتال کردی ہے۔ تھانہ سٹی جڑانوالہ میں ریڈر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزم وکیل عمران کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔تحصیل بار جڑانوالہ نے وکیل عمران منج سے لا تعلقی کا اعلان کردیا ہے جبکہ جنرل سیکرٹری بار تحصیل بار جڑانوالہ نے کہا ہے کہ پنجاب بار کونسل سے عمران منج کی وکالت کا لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش کی جا رہی ہے۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں