عوامی مسائل سے آگاہی اور انکے فوری حل کے لئے ضلع کونسل ہال میں کھلی کچہری

اتوار 16 فروری 2020 18:30

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2020ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد عباس جوئیہ نے عوامی مسائل سے آگاہی اور انکے فوری حل کے لئے ضلع کونسل ہال میں کھلی کچہری لگائی۔اس موقع پرتمام وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری کے دوران سائلین کی طرف سے ناجائز قبضوں،ریکارڈ میں ردوبدل، تجاوزات، عدم صفائی سمیت لین دین کے تنازعات سے متعلقہ شکایات پیش کی گئیں۔

اے ڈی سی جنرل شاہد عباس جوئیہ نے شہریوں کی مختلف محکموں سے متعلق شکایات سنتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں اور درخواست گزاروں کو یقین دلایا کہ انکی شکایات ومسائل پر ترجیحی بنیادوں پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور انہیں تیز رفتار ریلیف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مختلف محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ کھلی کچہریوں میں پیش کی جانے والی درخواستوں پر محکمانہ ریلیف کی فراہمی کے امور کو انتہائی سنجیدگی سے لیں اس ضمن میں فرضی کاروائیوں کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ کھلی کچہری سے پہلے لوگوں کی شکایات کے حل میں خاطر خواہ پیشرفت ہونی چاہیے بصورت دیگر انہیں جواب دہ ہونا پڑے گا۔اے ڈی سی جنرل شاہد عباس جوئیہ نے مزید کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوام کے مسائل معمول کے مطابق سنے جارہے ہیں تاہم کھلی کچہری کے انعقاد سے شہریوں اور افسران کے مابین فاصلے نہیں رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں