چناری‘سکول پر برفانی تودہ گرنے سے ایک بچی جاں بحق ‘دو زخمی

جمعرات 21 فروری 2019 20:42

چناری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2019ء) وادی جہلم،ہٹیاں بالا کے علاقہ ریشیاں میں برفانی تودہ گرنے سے ایک بچی جاں بحق دو زخمی ہائی سکول کی عمارت تباہ ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز شدید برفباری کے دوران سکول جاتے ہوئے ہٹیاں بالا کے نواحی علاقے ریشیاں میں سکول جاتے ہوئے تین بہن بھائی برفانی تودے تلے دب گئے جن میں سے دوسری کلاس کی آٹھ سالہ طالبہ آمنہ گلزار دختر گلزار موقعہ پرجاں بحق جبکہ کلاس ہشتم کی حلیمہ گلزار ولد گلزار اور کلاس نہم کے طالب علم عابدگلزار کو مقامی لوگوں اور پاکستان آرمی کے جوانوں نے زخمی حالت میں نکال لیا جن کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال ہٹیاں بالا منتقل کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسرے واقع میں شدید برفباری سے گورنمنٹ ہائی سکول ریشیاں کی عمارت بھی تباہ ہو گئی واقع سکول کھلنے سے پہلے پیش ایاجس کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا مقامی افراد کے مطابق برفانی تودے گرنے کے واقعات کے بعد علاقے میں اکثر سکول بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ شدید برفباری کے باعث ریشیاں اور وادی لیپاء کو دیگر علاقوں سے ملانے والی شاہراہ بند ہے جس کے باعث لوگوں کی آمد رفت معطل ہو کر رہ گئی ہے دریں اثناء برفانی تودے تلے جاں بحق ہونے والی معصوم بچی کی نماز جنازہ آبائی گائوں میں ادا کی گئی جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی بعد ازاں اسے آہوں اور سسکیوں کے سائے میں منوں مٹی تلے سپرد خاک کر دیا گیا

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں