ٹنڈو محمد خان میں ضرورت مند خاندانوں میں راشن بیگز کی تقسیم شروع کردی گئی ہے۔ سید قاسم نوید قمر

جمعرات 9 اپریل 2020 00:18

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ برائے بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ ضرورت مند خاندانوں میں مفت راشن بیگز کی تقسیم کا کام شروع کردیا گیا ہے ، پہلے مرحلے میں دس ہزار سے زائد راشن بیگ تقسیم کیے جائیں گے جبکہ گزشتہ روز 2800 راشن بیگز ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو غلام حیدر کے مختلف وارڈوں میں تقسیم کردئیے گئے ہیں۔

بدھ کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے یوٹیلیٹی اسٹور ٹنڈو محمد خان کے گودام کا دورہ کرتے ہوئے کہی ، جہاں ضرورتمند خاندانوں کے لئے راشن بیگ تیار کیے جارہے ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی ، ایس ایس پی عابد علی بلوچ ، جنرل سکریٹری خرم کریم سومرو اور مقامی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سید قاسم نوید قمر نے راشن بیگز میں رکھی جانے والی اشیا ء کے معیار کی جانچ بھی کی۔

انہوں نے دالوں کے ناقص معیار پر ناراضگی کا اظہار کیا اور یوٹیلیٹی اسٹور ٹنڈو محمد خان انچارج کو ہدایت دی کہ ان کی جگہ اعلی معیار کی دالیں اور دیگر اشیاء رکھی جائیں۔ سید قاسم نوید قمر نے مزید کہا کہ حکومت سندھ ترجیحی بنیادوں پر ضرورت مند خاندانوں کی مدد کے لئے پرعزم ہے جبکہ سندھ کے عوام کو حکومت پر اعتماد کرنا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری طرح سے کوشش کر رہے ہیں کہ ضرورت مند خاندانوں تک رسائی حاصل کریں کیونکہ لاک ڈائون نے ان کے لئے مشکلات پیدا کردی ہیں ، مخیر حضرات سے درخواست کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں آگے آئیں اور ضرورت مندوں اور مستحق لوگوں کی مدد کریں۔

سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ کورونا وائرس ایک وبائی بیماری ہے اور اس وائرس سے خود کو بچانے کے لئے ہمیں لاک ڈائون کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے اور ہر ممکن حد تک سماجی روابط سے گریز کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں