پاکستان اسٹاک مارکیٹ اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر سے امریکی ڈالر کا انخلا بڑھ گیا

غیر ملکی سرمایہ کار وں نے 5 ماہ میں 20 کروڑ امریکی ڈالر کا سرمایہ مارکیٹ سے نکال لیا، این سی سی پی ایل

اتوار 30 اپریل 2017 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2017ء) پاکستان اسٹاک مارکیٹ اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر سے امریکی ڈالر کا انخلا بڑھ گیاہے، غیرملکی سرمایہ کاروں نے شیئرز فروخت کردیئے ہیں،جس کے باعث زر مبادلہ کے ذخائر مسلسل کم ہونے لگے ہیں، غیر ملکی سرمایہ کار وں نے 5 ماہ میں 20 کروڑ امریکی ڈالر کا سرمایہ مارکیٹ سے نکال لیاہے۔این سی سی پی ایل کی جانب جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال جنوری سے اپریل کے دوران غیر ملکیوں نے ماہانہ اوسطاً 5ارب روپے کے شئیرز فروخت کیے اور 20 کروڑ امریکی ڈالر کے حساب سے سرمایہ مارکیٹ سے نکال لیا۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری تا اپریل ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ماہانہ اوسطا 50 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈکی گئی، چارماہ میں پاکستان کے ڈالر ریزرو 23 ارب 16 کروڑ ڈالر سے کم ہوکر 21 ارب 15 کروڑ ڈالر رہ گئے ہیں۔غیرملکی سرمایہ کار 4 ماہ کے دوران بینکس سے بھی اپنا پیسہ نکالنے میں پیش پیش رہے۔جنوری تا اپریل بینکوں نے شئیر مارکیٹ سے ماہانہ سوا دو ارب روپے نکال لیے تاہم مقامی فنڈز اور سرکاری مالیاتی ادارں کی سرمایہ کاری نے شیئر مارکیٹ کو گرنے سے بچالیا اور جنوری سے اپریل کے دوران 22 ارب روپے کے شئیرز خرید لیے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں