آرٹس کونسل یوتھ فیسٹیول کے مقابلوں میں پہلی دس پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں اور ٹیموں کو اسکالرشپ دے گی

منگل 16 جنوری 2018 18:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2018ء) آ رٹس کونسل آف پاکستان کراچی یوتھ فیسٹیول کے مقابلوں میں پہلی دس پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں اور ٹیموں کو اسکالرشپ دے گی تاکہ باصلاحیت نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت میں مدد دی جا سکے آرٹس کونسل نے لاکھوں نوجوانوںکے لیے مختلف شعبوں میں تربیت کا انتظام کیا ہے۔ جو آج کامیاب زندگی اور معاشرہ کے کار آمد شہری کی حیثیت سے زندگی گزاررہے ہیں آج مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والی ٹیموں اور نوجوانوں کو انعامات دئیے جارہے ہیں مجھے یقین ہے کہ یہ نوجوان کل اپنے شعبوں میں ملک کا نا م روشن کریں گے ان خیالات کا اظہار آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے پیر کو آرٹس کونسل کے اوپن ائیر تھیٹر میں یوتھ فیسٹیول کورنگی ڈسٹرکٹ کے اسکولوں کے درمیان تھیٹر،موسیقی اور تقریری مقابلوں کی تقریب اور 10 جنوری کو کالجوں اور یونیورسٹیوں کے 10 طلباء کے درمیان مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طالب علموں کو انعامات تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے بتا یا کہ ہر شعبے میں طلبہ و طالبات کی پرفارمنس بہت عمدہ تھی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے بچوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ انہیں ایک پلیٹ فارم کی ضرورت ہے جہاں ان کی تربیت ہوسکے اور اپنے فن کا مظا ہرہ کرسکیں۔ اس موقع پر آرٹس کونسل گورننگ باڈی کے ارکان بھی موجود تھے۔ تقریب میں انہوں نے کالج اور یونیورسٹی کے مقابلوں میں اول ،دوم اور سوم آنے والے نوجوانوں کے ناموںکا اعلان کیا۔

اور ان کو آرٹس کونسل کی جانب سے میڈل پیش کیا ۔ کالجوں او ر یونیورسٹیوں کے درمیان موسیقی کے مقابلے میںسعود آباد گورنمنٹ کالج فارویمن کا سارہ ہاشمی اول، بے نظیربھٹو یونیورسٹی لیاری کی زینب حنیف نے دوم اور ڈی ایچ اے سُوفا یونیورسٹی کے محمد عثمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ تقریری مقابلوں میں عبداللہ کالج کی عروج فاطمہ نے اول، ڈگری کالج اورنگی7/C سے نافیہ سلیم نے دوم اورڈگری کالج اورنگی7/C سے عفیفہ انجم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تھیٹر میں اول پوزیشن ڈی جے کالج سے لبیب اور ثاقب، دوسری بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری سے نور اور محمد علی اور تیسری پوزیشن سرسید یونیورسٹی سے محمد سلمان اور احسن علی نے حاصل کی۔جبکہ کورنگی ڈسٹرکٹ کے اسکول کے درمیان تھیٹر مقابلے میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ گرلزسکینڈری اسکول کورنگی نمبر 1کے تھیٹر ’’بے خوف آزاد رہنا ہے مجھے ‘‘،دوسری پوزیشن ملت گورنمنٹ گرلز سکینڈری اسکول کورنگی نمبر 2کے تھیٹر’’ جواب شکوہ ‘‘اور تیسری پوزیشن اپوا ء گورنمنٹ سکینڈری اسکول فار گرلز کورنگی نمبر 5کے تھیٹر ’’جل گئی شرٹ ‘‘نے حاصل کی۔

تقریری مقابلوں میںپہلی پوزیشن گورنمنٹ گرلز سکینڈری اسکول کے ٹی ایس 10کورنگی جی مارکیٹ سے عشرت نے ،دوسری پوزیشن بلدیہ گورنمنٹ گرلز سکینڈری اسکول 36-Bلانڈھی نمبر 5 سے سیدہ مریم بخاری نے اور تیسری پوزیشن سی اے اے ماڈل اسکول شاہ فیصل نمبر 2سے شانزہ نے حاصل کی۔ موسیقی کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن کورنگی کومپری ہینسو گورنمنٹ بوائز اسکول اینڈ کالج سے حمزہ نے ،دوسری پوزیشن گورنمنٹ گرلز سکینڈری اسکول کورنگی نمبر 1سے حنینہ نے اور تیسری پوزیشن گورنمنٹ بوائز سکینڈری اسکول لانڈھی نمبر 5 سے حزیفہ نے حاصل کی۔ اس موقع پر ملک کے معروف بینڈ فیوزن نے اپنی پرفامنس سے نوجوانوں کی خوب داد وصول کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں