کراچی ، جامعہ این ای ڈی کے تحت جنوبی ایشیا کی جامعات کے پہلے ورچوئیل رئیلٹی(وی آر)سینٹر کا افتتاح

جس سے تحقیق اورپیشہ وارانہ امور کی انجام دہی میں آسانی ممکن ہوسکے گی

جمعرات 21 مارچ 2019 23:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2019ء) جامعہ این ای ڈی کے تحت جنوبی ایشیا کی جامعات کے پہلے ورچوئیل رئیلٹی(وی آر)سینٹر کا افتتاح کردیا گیا،جس کی مہمانِ خصوسی ایچ بی ایل کی کمپنی سیکریٹری نیلوفر حمید تھیں۔ترجمان کے مطابق این ای ڈی یونی ورسٹی آف انجینئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے سول، میکینکل انجینئیرنگ، میڈیکل سائنسز اور آرکیٹکچرکے شعبہ جات کے لیے ورچوئیل رئیلٹی کی پیشہ وارانہ لیب قایم کردی ہے جس سے تحقیق اورپیشہ وارانہ امور کی انجام دہی میں آسانی ممکن ہوسکے گی۔

یاد رہے کہ اس ورچوئیل ورلڈ یعنی مصنوعی دنیا سے متعلقہ اس سینٹر کے قیام کا ارادہ موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے ٹیکنالوجی کے بڑھتے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا تھا تا کہ اپنے طالب علموں کو دوران تدریس پروجیکٹس کے تجربے کے لیے فیلڈ ورک، ورچوئیل بنیادوں پر کروایا جاسکے۔

(جاری ہے)

شعبہ سول انجینیئرنگ کے چیئرمین ڈاکٹر اسد رحمن خان کا کہنا تھا کہ اس سینٹر کی بدولت اب ہمارا انجینئرتعمیرانی صنعت میں ڈرافٹنگ اور ڈرائنگ کے بعد تھری ڈی اینیمیشن کے توسط سے عمارتوں کے ماڈل کی تیاری اور اس میں ترمیم کے لیے ورچوئیل بنیادوں پر کسی بھی عمارت کے، کسی بھی حصے میں جاکر اس کا تجزیہ اور تجربہ کرسکتا ہے۔

ڈائریکٹروی آر سینٹر ڈاکٹر فرخ عارف نے پریزنٹشن دیتے ہوئے بتایا کہ ورچوئیل رئیلٹی سینٹر میں تین بنیادی نظام ورچوئیل ٹی مینگ سسٹم، واکنگ وی آر سسٹم اور پرجیکشن وی آر سسٹم کا م کررہے ہیں، اس کی خصوصیت یہ ہے کہ کام کرنے والا شخص خود کو اس تخیلاتی دنیا میںمحسوس کرتا ہے۔مہمان خصوصی نیلوفر حمید نے سینٹر کا افتتاح کیا ،انہیں ورچوئیل ورلڈ کی سیر بھی کروائی گئی ،ا س موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک الگ ہی تجربہ تھا۔

مزید کہا کہ ناصرف انجینئرز بلکہ شعبہ طب کے لیے بھی یہ سینٹر اثاثہ ہے۔ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے اس سینٹر کے قیام پرٹیم کو سراہتے ہوئے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا، اُن کا کہنا تھا کہ ورچوئیل رئیلٹی سینٹر کا قیام جدّت کی جانب عملی قدم ہے تاکہ اپنے طالبِ علموں کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کیا جاسکے۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں