ٰکراچی،شہر میں جاری جراثیم کش اسپرے مہم کے دوسرے روز ضلع ملیر کی مختلف یوسیز میں اسپرے کیا گیا

پیر 23 ستمبر 2019 23:54

۔کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2019ء) میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر شہر میں جاری جراثیم کش اسپرے مہم کے دوسرے روز پیر 23 ستمبر کو ضلع ملیر کی ٖمختلف یوسیز میں اسپرے کیا گیا جبکہ اسپرے شیڈول کے مطابق کل 24 ستمبر ضلع وسطی میں اور 25 ستمبر کو ضلع جنوبی ، 26 ستمبر کو ضلع شرقی جبکہ 27 ستمبر کو ضلع غربی میں اور 28 ستمبر کو ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کی حدود میں اسپرے کیا جائے گا جس کے لئے 40 گاڑیاں استعمال کی جا رہی ہیں۔

میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ اسپرے کے دوران ندی ، نالوں کے اطراف اور جہاں پانی کھڑا ہو خاص توجہ دی جائے جہاں مکھیوں اور مچھروں کی افزائش ہوتی ہے، اسپرے مہم کے دوران جن مقامات پر اسپرے کرنے والی گاڑیوں کا جانا دشوار ہو وہاں دستی اسپرے مشینوں کے ذریعے اسپرے ممکن بنایا جائے، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز اپنے دستیاب وسائل اور افرادی قوت کے ساتھ اسپرے مہم کو موثر انداز میں کامیاب بنائیں اور اس سلسلے میں عام لوگوں میں بھی آگاہی بیدار کی جائے اور جن علاقوں سے اسپرے نہ ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں وہاں فوری طور پر اسپرے ٹیم روانہ کی جائے تاکہ شہر کا کوئی بھی علاقہ اسپرے سے محروم نہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ مکھیوں، مچھروں اور دیگر اڑنے والے کیڑوں اور جراثیم کا مکمل خاتمہ ہو سکے، میئر کراچی نے کہا کہ شہر بھر میں جاری اسپرے مہم کے لئے جراثیم کش ادویات کاانتظام کرلیا ہے اور اس مہم کی اہمیت کے پیش نظر جراثیم کش ادویات کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف مقامات پر سیوریج کے پانی کی موجودگی کی وجہ سے جراثیم پھیلنے کا خطرہ ہے لہٰذا واٹر بورڈ اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرے ،میئر کراچی نے متعلقہ محکمے کے افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ شہر کے مختلف اضلاع میں اسپرے مہم کو شیڈول کے مطابق جاری رکھیں اور روزانہ شہر کے ایک ضلع میں واقع تمام یونین کونسلوں میں اسپرے کیا جائے۔ #

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں