ملک میں ایک بارپھر فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی سازش کی جارہی ہے،مفتی عبدالعلیم قادری

مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے زیراہتمام جامع مسجد مکی کورنگی میں عظمت صحابہ واہل بیت کانفرنس سے علماء ومشائخ کا خطاب

ہفتہ 19 ستمبر 2020 00:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2020ء) ملک میں نظام مصطفی ؐکانفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے،حکمران فوری نفاذ کا اعلان کریںتبھی ریاست مدینہ کا دعویٰ مکمل ہوگا۔ یہ باتیں مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے زیراہتمام جامع مسجد مکی کورنگی میں عظمت صحابہ واہل بیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کراچی کے امیرپیر مفتی محمدعبدالعلیم قادری، ناظم اعلیٰ علامہ محمدزبیر صدیقی ہزاروی،علامہ خلیل احمدنورانی، علامہ مفتی محمدزبیر عامر گیلانی،علامہ قاری محمداظہر نقشبندی، مولاناتمجید نعمان،علامہ سراج مہروی ودیگر نے کہیں۔

کانفرنس میں مولانامحمدغمیر احمدگیلانی، مولاناآصف حسین سعیدی، عبدالعزیزمیئو،ملک محمداسلام، ملک محمدجمیل، ملک محمدمبین سعیدی،محمدیونس نورانی، محمدشاکر نورانی ودیگر نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

علمائے کرام نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان ہمارے اکابرین نے بڑی قربانیوں اور جدوجہد کے بعدحاصل کیاہے،اس کی حفاظت اور سلامتی کے لئے علماء ومشائخ ہمہ وقت میدان عمل میں ہیں اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔

مقررین نے کہاکہ ملک میں ایک بارپھر فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی سازش کی جارہی ہے لیکن دشمنان اسلام وپاکستان یہ جان لیں امام شاہ احمدنورانی ؒ کے پیروکار آج بھی میدان عمل میں ہیں اور کسی بھی اندرونی وبہرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں فرقہ واریت کی دہکتی ہوئی آگ کو قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانیؒ نے اپنی فہم وفراست سے ٹھنڈاکیااور ملک میں مذہبی ہم آہنگی کی فضاء ہموارکی۔انہوں نے کہاکہ آج بھی قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانیؒ اور ان کے رفقاء کے طے کردہ امن فارمولے پر عملدرآمد کروایاجائے تو حالیہ منافرت کا خاتمہ ممکن ہوسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں