کراچی، ٹریفک حادثات اور گھر کی دیوار کاملبہ سر پرگرنے سے مزدور سمیت 2 نوجوان جاں بحق ، 2 افراد زخمی

بدھ 21 اکتوبر 2020 23:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2020ء) مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات اور گھر کی دیوار کاملبہ سر پرگرنے کے نتیجے میں مزدور سمیت 2 نوجوان جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے،جبکہ ناظم آباد سے نومولود بچے کی لاش ملی۔تفصیلات کے مطابق ڈاکس کے علاقے آئی سی آئی پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 28 سالہ ثاقب ولد نظرمنان جاں بحق ہوگیا،جس کی لاش سول اسپتال لائی گئی ،متوفی بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

ادھرسکھن کے علاقے بھینس کالونی روڈ نمبر پانچ پر واقع ایک گھر میں تعمیراتی کام کے دوران مکان کی دیوار گر گئی،جس کا ملبہ کام کرنے والے مزدور کے سر پر گرا اور وہ شدید زخمی ہوگیا،جسے طبی امداد کیلئے جناح اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علا ج دم توڑ گیا،پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 23 سالہ ملک شعیب ولد محمد امین کے نام سے ہوئی ،جو اسی علاقے کارہائش اور پیشے سے مزدور تھا۔

(جاری ہے)

جبکہ ماڑی پورکے علاقے بلدیہ نمبر 2 نزدحب ریور روڈ پر تیزر رفتار سامان سے لدا ہوا ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار دو افراد 40 سالہ حسین ولد نور محمد اور30 سالہ حسن ولد غلام قادر زخمی ہوگئے،جنہیں طبی امداد کیلئے سول اسپتال پہنچایا گیا۔ علاوہ ازیں ناظم آباد نمبر7 میں واقع کچرا کنڈی سے ایک نومولود بچے کی نعش ملی جسے پولیس نے تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد تدفین کیلئے فلاحی ادارے کے حوالے کردی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں