کورنگی صنعتی علاقے میں چورنگیوں پرکارروائی کی مزمت کرتے ہیں، سلیم الزماں

انتظامیہ کی درخواست پر چورنگیاں اڈاپٹ کیں جو اشتہار کے زمرے میں نہیں آتا، صدر کاٹی

بدھ 2 دسمبر 2020 23:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2020ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر سلیم الزماں نے کہا ہے کہ کورنگی صنعتی علاقے میں نجی کمپنیوں کی تزئین و آرائش کردہ چورنگیوں پر کارروائی کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی مذمت کرتے ہیں اس حوالے سے اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ صدر کاٹی نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور کمشنر کراچی افتخار شالوانی فوری طور پر اس یکطرفہ اور خلاف ضابطہ کارروائی کا نوٹس لیں۔

صدر کاٹی سلیم الزماں نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی درخواست پر تزئین و آرائش کے لیے کاٹی کے کہنے پر کورنگی صنعتی علاقے کے صنعتکاروں نے ان چورنگیوں کی سرپرستی کی ذمہ داری لی اور تزئین و آرائش کرکے شہر کی خوبصورتی میں اپنا کردار ادا کیا، اس کے لیے صنعتکاروں نے کروڑوں روپے کا سرمایہ لگایا اور ماہانہ لاکھوں روپے ان کی دیکھ بھال پر خرچ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سلیم الزماں نے کہا کہ اس کارروائی کے لیے جس فیصلے کو بنیاد بنایا گیا ہے اس کے مطابق عوامی مقامات پر اشتہار کاری سے روکا گیا ہے جب کہ ان چورنگیوں پر کی گئی تزئین و آرائش تشہیر کے زمرے ہی میں نہیں آتیں۔ صدر کاٹی نے کہا کہ ایسی یکطرفہ کارروائیوں سے صنعتکاروں کی حوصلہ شکنی ہوئی اور کثیر سرمایہ بھی ضائع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر بلدیات فوری اس صورت حال کا نوٹس لیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں