حکومتی ماہرین معیشت بیرونی مفادات کا تحفظ کررہے ہیں:پاسبان

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 17:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین خلیل احمد تھند نے کہا ہے کہ حکومتی ماہرین معیشت پاکستانی شہریوں کی بجائے بیرونی مفادات کا تحفظ کررہے ہیں۔ سو دنوں میں چمتکار دکھانے والے تین سال میں بھی اپنی لائن اور لینتھ درست نہیں کرسکے۔ موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں کے کچرے سے تعمیر شدہ ہے اس سے بہتری کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔

عمران خان انتظامی لحاظ سے نااہل حکمران ثابت ہوئے ہیں۔ عوام کو تبدیلی اور لوٹے ہوئے قومی خزانے کی ریکوری کا لالی پاپ دے کر اپنے اقتدار کو طول دے رہے ہیں۔عوام کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں اور ملک کو ایک مرتبہ پھر 90 کی دہائی کی سیاست میں دھکیل دیا گیا ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں روز بروز عفریت کی طرح بڑھتی ہوئی مہنگائی اور حکومتی بیانات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کے نے مزید کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی بری طرح متاثر ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

یہی صورت حال برقرار رہی تو کئی معاشرتی مسائل پیدا ہوجائیں گے۔ حکومت ضروریات زندگی کی اشیا کی قیمتوں کا عالمی مارکیٹ سے مقابلہ کرکے اپنی خفت مٹانے کی کوشش کرتی ہے لیکن عالمی سطح پر اوسط آمدن بیان کرنے اور اپنے شہریوں کو انکے برابر سہولتیں دینے سے قاصر ہے۔ حکمرانوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ سابقہ حکومتوں سے بھی بدتر کارکردگی کے ساتھ محض دعووں سے کام نہیں چلایا جا سکتا۔

ملک کی سمت درست کرنے کے لئے تین سال کا عرصہ کم نہیں ہے۔ ملک کی تینوں بڑی جماعتوں کے منتخب نمائندوں کے مزاج میں انیس بیس کا بھی فرق نہیں ہے۔ تینوں سیاسی جماعتیں عوام کو یکساں حقوق دینے سے قاصر ہیں۔عام آدمی کو سماجی معاشی اور سیاسی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع میسر نہیں ہیں جو آئین کی روح کے خلاف ہے۔ پاسبان اس غاصبانہ کلچر کو ختم کرکے مساوی حقوق کا کلچر قائم کرنے کے لئے میدان میں اتری ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں