عالمی مشاعرے کے انعقاد سے شہریوں کا علمی و ادبی شوق پروان چڑھے گا،بیرسٹر مرتضی وہاب

پیر 22 اپریل 2024 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) میئرکراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں 29ویں عالمی مشاعرے کا انعقاد خوش آئند ہے جس سے شہریوں کا علمی و ادبی شوق پروان چڑھے گا اور تعمیری و مثبت سوچ کو فروغ ملے گا، علمی و ادبی سرگرمیاں اس شہر کی روایت رہی ہیں، کراچی کے شہریوں نے ہمیشہ ان کی بھرپور سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی ہے، ہمیں من حیث القوم اپنی تابندہ روایات کو برقرار رکھنا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو بھی اس سے فائدہ پہنچے اور عالمی سطح کے مشاعروں اور ادبی تقریبات کے ذریعے کراچی علمی و ادبی اعتبار سے ذرخیز سرزمین ہونے کا ثبوت پیش کرتا رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہونے والے 29 ویں عالمی مشاعرے میں شرکت کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ، کمشنر کراچی حسن نقوی، ممتاز شاعر افتخار عارف، پروفیسر سحر انصاری، ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، انور شعور، محمود شام، خورشید رضوی، سینیٹر عبدالحسیب، پروگرام کے چیف آرگنائزر محمود احمد خان اور مشاعرے میں شرکت کرنے والے شعرا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

میئرکراچی نے اس موقع پر عالمی مشاعرے کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مشاعرے میں شرکت کے لئے بیرون کراچی اور دیگر ممالک سے آنے والے شعرا ہمارے مہمان ہیں اور ان کی پذیرائی ہماری ذمہ داری ہے، عالمی مشاعرے میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس امر کا ثبوت ہے کہ کراچی کے لوگ معیاری ادبی سرگرمیوں کی بھرپور پذیرائی کرتے ہیں اور ان میں شرکت کو اپنے لئے باعث اعزاز سمجھتے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کراچی میں عالمی مشاعرے کے انعقاد کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور اس میں مقامی شعرا اور پاکستان کے دیگر شہروں سے آنے والے مہمانوں سمیت مزید غیرملکی شعرا کی شرکت کو یقینی بنانے کی کوششیں کی جائیں گی، بلدیہ عظمی کراچی اس حوالے سے ہرممکن تعاون جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں