کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا اولین ترجیح ہے،جلال الدین مہر

سندھ کے روائتی کھیلوں کی مقبولیت کے لئے مناسب اقدامات کررہے ہیں، سیکریٹری اسپورٹس کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 24 اپریل 2024 22:26

ْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز جلال الدین مہر نے صوبائی وزیر کھیل اور امور نوجوانان سردار محمد بخش مہر کی ہدایت پر سندھ کے مختلف اضلاع کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں نوجوان ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ نوجوان ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آسکے اور صوبائی و قومی سطح پر سندھ کا نام روشن کر سکے۔

خصوصی طور پر سندھ کے روائتی کھیلوں ملاکھڑا، کبڈی،کوڈی کوڈی اور ونج وٹی کی سندھ بھر میں مقبولیت کے لئے مناسب اقدامات کررہے ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف انجینئر محمد اسلم مہر، ڈپٹی ڈائریکٹر سکھر میر محمد کلہوڑو، ڈی ایس او خیرپور اخلاق احمد میمن، ڈی ایس او سکھر نثار احمد چانڈیو بھی موجود تھے، اسلم مہر نے سندھ بھر میں جاری ڈیولپمنٹ اسکیموں کے حوالے سے مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

جلال الدین مہر نے انہیں تاکید کی کہ جتنی جلد ممکن ہو سکے ان اسکیموں کو مکمل کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کا مزید وقت ضائع نہ ہو اور وہ جلد از جلد سہولیات سے فائدہ اٹھاکر اپنی کارکردگی میں نہ صرف نکھار لائیں بلکہ بہتر رزلٹ بھی دے سکیں۔ سندھ بھر میں جتنے گرائونڈ اور کمپلیکس ہیں ان کی تزئین و آرائش کے لئے بھی بہتر اقدامات کررہے ہیں تاکہ صوبائی سطح کے مقابلوں کے لئے کھلاڑیوں کو وہ تمام سہولیات میسر آسکیں جو صوبائی سطح کے ایونٹ کے لئے ضروری ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے کھلاڑیوں میں کٹس بھی تقسیم کئے جبکہ شکارپور جم کے لئے ویٹ لفٹنگ کا سامان دینے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں