نیوکراچی ٹائون کی عوام کیلئے بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں،چیئرمین محمد یوسف

پیر 13 مئی 2024 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) چیئرمین نیو کراچی ٹائون محمدیوسف نے کہا ہے کہ نیو کراچی ٹائون کی عوام کیلئے بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں،منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا انہوں نے یوسی نمبر 7میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹائون کے محکمے بی اینڈ آر ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے یو سی کی خستہ حال سڑکوں کی استر کاری کر کے بحال کیا گیاہے جبکہ ناکارہ سٹریٹ لائٹس کو تبدیل کرکے راستوں کو روشن کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج لائنوں کی مرمت و تبدیلی کے حوالے سے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو آگاہ کردیا گیا ہے ،جلد ان مسائل کو حل کیا جائے گا۔اس موقع پر یوسی نمبر ۔7کے چیئرمین عبدالغفارچشتی نے یوسی میں گزشتہ ایک سال میں کیے جانے والے بلدیاتی کاموں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر یونین کمیٹی نمبر 7کے چیئرمین عبدالغفار چشتی، وائس چیئرمین عدنان رضی،یونین کمیٹی کے اراکین،وارڈ کونسلربھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں