صوبائی وزیر ثقافت کی صوفی گلوکارہ عابدہ پروین سے ملاقات ، سندھ میں ٹیلنٹ ہنٹ سمیت دیگر امور پرتبادلہ خیال

منگل 14 مئی 2024 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے عالمی شہرت یافتہ صوفی گلوکارہ عابدہ پروین سے ملاقات کی اور ثقافت و سیاحت کے فروغ کیلئے سندھ ٹیلنٹ ہنٹ سمیت دیگر امور پر تبادل خیال کیا۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق صوبائی وزیر سیاحت نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں تاہم انہیں ان کے اظہار کے لیے ایک حقیقی پلیٹ فارم کی ضرورت ہے جو محکمہ ثقافت و سیاحت سندھ انہیں فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ عابدہ پروین پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان اور ہماری مہذب قدیم ثقافت کی سفیر ہیں جو بذات خود ایک ادارے کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں عابدہ پروین کی موجودگی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا باعث ہوگی جبکہ ہماری بھی کوشش ہے کہ سندھ میں موجود نیا ٹیلنٹ عابدہ پروین جیسی قدآور فنکارہ سے سیکھ سکے، عابدہ پروین کا ہمارا ساتھ دینا سندھ کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

سید ذوالفقار علی شاہ نے عابدہ پرین کو سندھ انسٹیٹیوٹ آف میوزک اینڈ پرفارمنس آرٹ جامشورو کے دورے کی دعوت بھی دی۔ عابدہ پروین نے صوبائی وزیر کو سندھ کی ثقافت کے فروغ کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور سندھ انسٹیٹیوٹ آف میوزک اینڈ پرفارمنس جامشورو کے دورے کی دعوت بھی قبول کی۔ انہوں نے کہا کہ سید ذوالفقار علی شاہ کی قیادت میں محکمہ ثقافت و سیاحت بہترین کام کررہا ہے اور سندھ کی ثقافت کے فروغ کیلئے میری انکی خدمات ہمیشہ موجود ہیں۔ اس موقع پرمعروف کمپیئر بخش مہرانوی اور ڈائریکٹر کلچر حبیب اللہ میمن بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں