محکمہ ایکسائز کی صوبے بھر میں غیر رجسٹرڈ اور ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری

بدھ 15 مئی 2024 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) محکمہ ایکسائز کی جانب سے صوبے بھر میں غیر رجسٹرڈ اور ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، گذشتہ چار روز میں محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کی جانب سے غیر رجسٹرڈ اور ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کے خلاف مہم کے دوران 75 لاکھ 32 ہزار ٹیکس وصول کیا گیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز ، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں 10 ہزار گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، 359 گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا، 912 گاڑیوں کے کاغذات ضبط کر لئے گئے، مہم کے دوران غیر رجسٹرڈ اور ٹیکس نادہندگان گاڑیوں سے 40 لاکھ 64 ہزار موٹر وہیکل ٹیکس، 29 لاکھ 3 ہزار ودہولڈنگ ٹیکس اور 5 لاکھ 64 ہزار پینلٹی ٹیکس وصول کیا گیا، بعد ازاں، ٹیکس کی ادائگی کرنے والی گاڑیوں کو چھوڑ دیا گیا، کاغذات بھی واپس کئے گئے ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایکسائز ٹیم کی محنت اور کاوشوں کے متاثر کن نتائج برآمد ہوئے ہیں، صوبے میں ٹیکس کی تعمیل اور جوابدہی کو بھرپور طریقے سے جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال مستقبل بنانے کی سب کو کوششیں کرنی ہونگی، زحمت سے بچنے کے لئے عوام ایکسائز حکام سے تعاون کریں، ٹیکس قومی فرض سمجھ کر وقت پر ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں