ہمارے چھوٹے چھوٹے عمل بڑی بڑی تبدیلیوں کا باعث بن سکتے ہیں،ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ

جمعرات 16 مئی 2024 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) ہم یہاں ماحول کے تحفظ اورہماری ذمہ داری کے بارے میں جاننے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں آج ہم عہد کریں گے کہ ہم ہر روز ایسے کام سر انجام دیں گے جو ماحول کے لیے اچھے ہوں گے، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ نے لیاری میں ایک این جی او کے ماتحت اسکول کے بچوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن آپ کے جوش و خروش اور فعال شرکت نے اس تقریب کو واقعی خاص بنا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کچرے کو ذمہ داری سے مقررہ جگہ پر رکھنے اور ہمارا کچرا ہماری ذمہ داری میں ہمارا کردار سمجھنے کی آگاہی کے سلسلے میں اسکول اور سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اشتراک سے پروگرام منعقد کیا گیا۔ ایم ڈی سالڈ وسٹ نے مزید کہا کہ میں پورے اسکول اور اس کی انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

بالخصوص چیف آرگنائزر یسرہ اخوند اور تمام رضاکاروں کا خصوصی شکریہ جنہوں نے اس پروگرام کو بہت محنت اور خوش اسلوبی سے منعقد کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے چھوٹے چھوٹے عمل بڑی بڑی تبدیلیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔ چاہے یہ کچرے کو کم کرنا ہو، ری سائیکلنگ ہو، یا محض اس حوالے سے آگاہی پھیلانا ہو، یہ سب باتیں اہمیت کی حامل ہیں انہوں نے بچوں کے ساتھ اس بات کاعہد کیا کہ ہم آج جوسیکھیں گے دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیں گے، ہم سب کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہے اور اپنا کام کرنا ہے،ہمیں گندگی کو کم کرنے، استعمال شدہ اشیا کو دوبارہ استعمال میں لانے، اپنے ماحول کو صاف ستھرا اور سرسبز رکھنے میں مددکرنی ہے،ہمیں پانی اور دیگر قدرتی وسائل کو محتاط انداز میں استعمال کرنا ہے، ہمیں اپنے ماحول کی حفاظت کے لیے مشترکہ سرگرمیوں میں حصہ لینا ہے، ہم ہر روز ایسے کام سر انجام دیں گے جو ماحول کے لیے اچھے ہوں۔

علاوہ ازیں ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے اسکول میں پودا بھی لگایا۔اس موقع پر بچوں کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے کچرا اٹھانے کے پورے عمل کا بھی مظاہرہ کرایا گیا۔ چیف آرگنائز ریسرہ اخوند اور دیگر شرکا نے بھی خطاب کیا اور ایم ڈی سالڈ ویسٹ کا شکریہ ادا کیا بچوں نے صفائی سے متعلق عہد ایم ڈی سالڈ ویسٹ کے ساتھ ساتھ دہرایا۔ بعد ازاں یونیورسٹیز سے آئے ہوئے رضاکاروں کو سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں