شہر قائد میں موٹر سائیکل اور کار سواروں کو گھیر کر لوٹنے کی وارداتیں تھم نہیں سکیں

بھینس کالونی میں ملزمان نے کار سواروں سے ساڑھے 5 لاکھ روپے لوٹے، لٹیروں نے مزاحمت کرنے پر کار سوار کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا

ہفتہ 18 مئی 2024 18:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) شہر قائد میں موٹر سائیکل اور کار سواروں کو گھیر کر لوٹنے کی وارداتیں تھم نہیں سکیں، پولیس کے دعوں کے برعکس شہر پر مسلح لٹیروں کا راج بدستور قائم ہے۔کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں 7 مئی کو ہونے والی واردات کی موبائل فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں ایک کار میں سوار افراد کو 6 لٹیرے گھیر کر لوٹ رہے ہیں، واردات دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے شہر میں مجرموں کو قانون کا کوئی خوف لاحق نہیں ہے۔

سامنے آنے والی ویڈیو میں 6 لٹیروں کو کار سواروں کو گھیر کر لوٹتے دیکھا جا سکتا ہے، لٹیرے 3 موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آئے تھے، جنھوں نے کار سواروں سے ساڑھے 5 لاکھ روپے لوٹے، لٹیروں نے مزاحمت کرنے پر کار سوار کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

(جاری ہے)

لٹیرے قریب سے گزرنے والوں کو بھی اسلحہ دکھا کر ڈراتے رہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پاس متاثرہ افراد کی جانب سے تحریری شکایت جمع کرائی گئی ہے، واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔

واضح رہے کہ کراچی میں عوام پر تو پولیس کا ڈر مسلط ہے، تاہم دلیری سے کی جانے والی بے شمار وارداتوں کی فوٹیجز دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ مجرموں کو پولیس اور قانون کا معمولی سا بھی ڈر نہیں ہے، ایک وجہ اس کی یہ بھی ہے کہ محکمہ پولیس جرائم کی سرکوبی کے محض دعوے کرتا ہے اور انھیں روکنے کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھاتا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں